فیصل آباد (مانند میڈیا) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان کی ہدایات پر قومی کھیل ہاکی کی بحالی اور نوجوان نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کرنے کے لیے اسکولوں میں ہاکی سرگرمیاں بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ہاکی اسٹیڈیم فیصل آباد میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں رکن پنجاب اسمبلی رانا احمد شہریار نے فیصل آباد ڈویژن کے 72 اسکولوں کی ٹیموں کے طلبہ میں ہاکی کٹس تقسیم کیں۔ تقریب میں صدر ہاکی فیڈریشن غلام محی الدین وانی، ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن قیصر عباس رند، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عادل عمر، ڈویژنل اسپورٹس آفیسر ندیم قیصر، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر ساجدہ لطیف سمیت دیگر متعلقہ حکام اور شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی رانا احمد شہریار نے کہا کہ فیصل آباد ڈویژن میں ہاکی کی بحالی اور نوجوانوں کو قومی کھیل کی طرف لانے کا مشن سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر جاری ہے۔ اسکولوں کے درمیان ہاکی مقابلے منعقد کرائے جا رہے ہیں، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو اسلام آباد میں ہونے والے کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھنے کے مواقع ملنے چاہئیں۔ ہاکی اور دیگر کھیلوں کی ضروریات سے متعلق درخواستیں جمع کرانے کے لیے فیڈریشن کی جانب سے پورٹل بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں کھلاڑی اپنی ضروریات اور مسائل سے متعلق درخواستیں دے سکتے ہیں۔ صدر ہاکی فیڈریشن غلام محی الدین وانی نے بتایا کہ حکومت پاکستان اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اشتراک سے اسکولوں میں ہاکی کے فروغ کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کے 800 سے زائد اسکولوں کو جدید ہاکی کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد نچلی سطح سے کھلاڑیوں کی تربیت اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔ اس سلسلے میں کم عمر کھلاڑیوں سے لے کر 15 سال تک کی عمر کے بچوں پر توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ اس پروگرام میں بچیوں کی 50 فیصد شرکت یقینی بنانے کا ہدف بھی شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہاکی کے فروغ کے لیے اقدامات میں تسلسل نہ ہونے سے قومی کھیل کو نقصان پہنچا، تاہم اب مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے اور آئندہ ایک سے دو برس میں مثبت تبدیلیاں سامنے آنے کی توقع ہے۔ صدر ہاکی فیڈریشن نے مزید بتایا کہ فیصل آباد ہاکی اسٹیڈیم میں نئی آسٹروٹرف بچھانے کا کام بھی جلد متوقع ہے، جس کے بعد آئندہ چھ ماہ میں گراؤنڈ کو فعال بنانے کا ہدف ہے۔ اس سے مقامی کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی اور ہاکی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔ حکام کے مطابق اسکولوں میں ہاکی سرگرمیوں کے فروغ، جدید کھیلوں کا سامان فراہم کرنے اور نوجوان کھلاڑیوں کو میرٹ پر آگے لانے کے اقدامات کا مقصد قومی کھیل کو نچلی سطح سے مضبوط بنانا ہے۔    

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے