ایبٹ آباد (مانند نیوز ڈسیک) بنیادی کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کی زیر صدارت اجلاس کا انعقاد ہوا۔ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد اور انکی ٹیم نے کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے محکمہ صحت کے ویکسینیشن کے اعداد و شمار میں کمی کا نوٹس لیا اور ہدایات جاری کیں کہ محکمہ صحت کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے بنیادی کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ اسکے علاوہ ویکسینیشن ٹیمز اور ڈیوٹی انجام نہ دینے والے عہدے داران کے خلاف سخت کاروائی کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہر ویکسینیشن ٹیم کوروزانہ کی بنیاد پر کم از کم 10 افراد کی ویکسینیشن یقینی بنانے کا ٹارگٹ دیا جس کے حولاے سے محکمہ صحت روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کو جمع کروائے گا۔ اسکے علاوہ بی ایچ یوانچارج کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ وہ اپنے ایریا میں ٹیمز کے ساتھ مل کر ویکسینیشن کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرے گا۔ محکمہ صحت کو یہ بھی ہدایات جاری کی گئیں کہ بنیادی ویکسینیشن پر عملدرآمد نہ کرنے والے عملے اور شہریوں کا ڈیٹا جمع کیا جائے جس پر پولیس اور انتظامیہ مل کر کاروائی انجام دے۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی کارکردگی کو سراہا اور اسے مزید بہتر بناتے ہوئے کورونا ویکسینیشن میں اپنا موثر کردار ادا کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد ڈاکٹر شہزاد،سیکرٹری رینجل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عباس علی بخاری، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محمد حسان احسن،ڈی ای او فیمیل محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، پولیس، ٹی ایم اے ایبٹ آباد، حویلیاں اور دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔