جمرود (مانند نیوز ڈیسک) زوان کوکی خیل کے صدر اشفاق آفریدی نے دوسرے عہدیداران کے ہمراہ جمرود پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیراہ متاثرین کو باعزت طریقے سے واپسی کا بندوبست کیا جائے، جو متاثرین واپس گئے ہیں وہ بے سروسامانی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں انکودوسرے قبائیلی اضلاع کی طرح امدادی پیکج نہیں دیا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت نے کئی بار تیراہ متاثرین کیساتھ وعدے کئے لیکن ابھی تک تمام وعدے ایفاء نہیں ہوسکے دوسری جانب ہماری کوکی خیل قوم کے وادی تیراہ میں جتنے مال و متاع ہیں انکو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے اس لوٹ مار کو فی الفور بند کیا جائے۔ ریگی للمہ کے حوالے انھوں نے کہا کہ عدالت نے کوکی خیل قوم کے حق میں فیصلہ سنایا تھا لیکن صوبائی حکومت توہین عدالت کے مرتکب ہوکر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، ریگی للمہ کے حوالے ہماری قومی مشران نے بھی کمیٹی بنائی ہے جس کے ہر فیصلے کی ہم حمایت کرینگے اور اس وقت تک چھین سے نہیں بیٹھے گے جب تک اس دیرینہ مسئلے کو منطقی انجام تک نہیں پہنچائے۔ انھوں نے کہا کہ تیراہ متاثرین اور ریگی للمہ مسئلے کو جلد از جلد منصفانہ طریقے پر حل کیا جائے بصورت دیگر نہ ختم ہونیوالے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کرینگے۔