مانسہرہ (مانند نیوز ڈیسک) تحریک انصاف ضلع مانسہرہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ لوکل گورنمنٹ الیکشن میں نا اتفاقی کی وجہ سے ہمیں بہت نقصان ہوا لہٰذا اب پارٹی کے اندر کے اختلافات کو ختم کرکے بقیہ اضلاع میں ہونے والے انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار وں کو ہر حال میں کامیاب کرانا ہے انہوں نے پارٹی ورکرز کو یقین دل دلایا کہ احساس پروگرام، صحت کارڈ، جوان کارڈ اور چیک پارٹی ورکرز کی مشاورت کے ذریعے تقسیم کرینگے۔ یہ باتیں انہوں نے جمعرات کے روز دستور مارکی مانسہرہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔وفاقی وزراء پرویز خٹک، اعظم خان سواتی، عمر ایوب خان، صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی، ایم این اے صالح محمد خان، معاون خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا احمد حسین شاہ، رکن صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، نواب زادہ فرید اور پارٹی ورکرز کی ایک بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب کے بعد ہر چھوٹی اور بڑی بات پارٹی ورکرز کے مشورے کے ساتھ کرینگے۔ انہوں نے پارٹی ورکرز میں اتفاق اور اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلع مانسہرہ بڑے پراجیکٹس جن میں واٹر سپلائی اسکیم، میڈیکل کالج، مانسہرہ بائی پاس اور ہسپتال آپ گریڈیشن شامل ہیں کو اگلے دو سالوں کے دوران پورا کرکے دکھائینگے۔ اس کے علاؤہ تمام دوسرے چھوٹے چھوٹے مسائل بھی حل کردینگے۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل بفہ اور مانسہرہ کو تین اضلاع میں تقسیم کرنے کے بارے جلد ازجلد اعلان کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سب نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ خلوص نیت کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔