سوات (مانند نیوز ڈیسک) چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت سرکاری ملازمین کی ڈیوٹی کا اولین مقصد ہونا چاہئے، سرکاری ملازمین کو پیشہ ورانہ خدمات کی فراہمی میں عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا چاہیے، اور سائیلین کے مسائل کو حل کرنے میں مستعدی اور پروفیشنلزم کا مظاہرہ کرنا چاہیے، سرکاری اہلکار چاہے کسی بھی محکمہ سے ان کا تعلق ہو اپنے دفاتر عوام کے لئے ہمیشہ کھلے رکھیں، ان خیالات کا اظہار چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی نے لیب اٹینڈنٹ ایسوسی ایشن کے حلف برداری کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں لیب اٹینڈنٹ ایسوسی ایشن کے کابینہ سے حلف بھی لیا گیا۔ تقریب سے لیب اٹینڈنٹ ایسوسی ایشن کے صدر مراد خان، سینئر نائب صدر اقبال حسین،جنرل سیکرٹری اورنگزیب اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور اپنے مطالبات مہمان خصوصی کو پیش کئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ سرکاری اداروں کو عوام کا جواب دہ بنایا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے تمام راستے بند کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہیں لہٰذا اُن کے گھر کے دروازے عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت کھلے رہتے ہیں