کابل (مانند نیوز ڈیسک) طالبان نے اگست 2021میں افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد اپنا پہلا بجٹ منظورکرلیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق طالبان کے منظورکردہ بجٹ میں کسی غیرملکی امداد کا ذکر موجود نہیں ہے۔طالبان کی وزارت خزانہ کے ترجمان احمد ولی حقمل نے بیان میں کہا کہ 2عشروں بعد یہ پہلا موقع ہے جب ہم نے ایسا بجٹ بنایا ہے جس کا دارومدار غیرملکی امداد پرنہیں ہے اورہمارے لئے یہ بڑی کامیابی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ کہا کہ جن خواتین کو ملازمت پرآنے سے روکا گیا ہے انہیں نوکریوں سے نہیں نکالا جائے گا اورتنخواہیں دی جائیں گی۔ جن سرکاری ملازمین کوکئی ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ہیں انہیں جنوری کے اختتام تک تنخواہوں کی ادائیگی شروع ہوجائے گی۔طالبان حکومت نے 2022کی پہلی سہ ماہی کے لئے بجٹ کی منظوری دی۔ 53.9بلین افغانی یا 508 ملین امریکی ڈالرزکا تقریبا پورا بجٹ سرکاری اداروں کی فنڈنگ کے لئے مختص کیا گیا ہے۔بجٹ میں 4.7بلین افغانی ٹرانسپورٹ کے انفرااسٹرکچر سمیت ترقیاتی منصوبوں پرخرچ کئے جائیں گے۔