کرک (مانند نیوز ڈیسک) سٹی پولیس نے بین الاضلاعی مویشی چور گروہ کو بے نقاب کرکے گرفتار کر لیا۔چوری ہونے والے قیمتی نسل کے تین گائے دو بچھڑے اور نقد رقم برآمد کر لی۔ ضلع کرک میں پچھلے کچھ عرصے کے دوران مویشی چوری اور ڈیری فارم سے لوگوں کے قیمتی گائے چوری ہونے کی وارداتیں ہو رہی تھیں۔ ان وارداتوں کے متعلق تھانہ کرک سٹی اور تھانہ یعقوب خان شہید میں رپورٹ موصول ہوئے تھے۔ جن پر ضلعی پولیس سربراہ کرک شفیع اللہ خان گنڈا پور نے سخت رد عمل کا اظہار کرکے مویشی چوری کے وارداتوں کے روک تھام اور سرگرم گروہ کو بے نقاب کرنے کیلئے ایک ٹیم تشکیل دی۔ ٹیم میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر صنوبر خان، ڈی ایس پی عابد آفریدی، تھانہ کرک سٹی کے ایس ایچ او سعید خان، سیکورٹی انچارج عادل خان، انچارج ریسکیو 15 افسر علی کو شامل کیا گیا۔ جنہوں نے ایک ٹیم کی صورت میں اس گروہ کا سراغ لگا کر بے نقاب کر دیا۔ سیکورٹی انچارج عادل خان نے اس گروہ کے ارکان کی تفصیلات اکٹھا کرکے گروہ کے ملزمان پر سٹی پولیس نے چھاپہ لگا کر ضلع بنوں سے تعلق رکھنے والے تین مویشی چوروں صاحب رحمان ولد حبیب رحمان سکنہ اماندی حسن شاہ بنوں، زاہد الرحمن ولد فضل الرحمان سکنہ سید خیل وزیر ڈومیل اور کامران ولد مست علی خان سکنہ بیزن خیل ڈومیل کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے چوری ہونے والے تین اعلی نسل کے قیمتی گائے دو بچھڑے برآمد کر لئے۔ جبکہ پولیس نے ملزمان سے ایک گائے کے سر کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار روپے جو کہ ملزمان نے فروخت کی تھی بھی برآمد کر لی اور مویشی چوری کی وارداتوں میں استعمال کرنے والی ڈاٹسن پک اپ بھی پولیس نے تحویل میں لے لی ہے۔ گرفتار ملزمان ضلع کرک کے مختلف ڈیری فارم سے اعلی نسل کے گائے چوری کرکے دیگر مختلف جگہوں پر مہنگے داموں فروخت کرتے تھے۔ گرفتار مویشی چوروں کی دیگر اضلاع میں مویشی چوری کے وارداتوں میں ملوث ہونے کے امکانات بھی ہیں جن کے بارے میں ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور ان سے مزید انکشافات متوقع ہے۔ مویشی چور گروہ کو بے نقاب کرکے گرفتار کرنے پر ڈی پی او کرک شفیع اللہ خان گنڈا پور نے ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے ان کے کارکردگی کو سراہا اور ٹیم کو توصیفی اسناد اور کیش ریوارڈ دینے کا اعلان کیا۔