صوابی(مانند نیوز ڈیسک) باچاخان میڈیکل کمپلیکس صوابی اور ریکسیو1122کے باہمی تعاون سے باچاخان میڈیکل کمپلیکس کے ملازمین کوبیسک لائف سپورٹ پروگرام کے تحت دوروزہ ایمرجنسی تربیتی کورس مکمل ہوگیا۔ تربیتی کورس میں سیکیورٹی عملہ کے علاوہ ہسپتال کے تمام شعبوں سے120سے زائد ملازمین نے شرکت کی جس میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس، اورکلاس فور ملازمین شامل تھے۔ ریسکیو1122کی تربیت یافتہ عملے نے شرکاء کو آگ پر جلد قابو پانے کے طریقوں کے ساتھ ساتھ آگ بجھانے والے آلات کے استعمال کے طریقے سکھائے گئے،تربیت یافتہ عملے نے دوران آفت، فائر سیفٹی، فائر فائٹنگ، ریسکیو اورڈرل مشقوں کا عملہ مظاہرہ بھی کیا۔ ریسکیو 1122 نے شرکاء کو بیسک لائف سپورٹ پروگرام کے تحت ابتدائی طبی امداد، زخمیوں کو بہتر طریقے سے ہینڈل کرنے کے ساتھ ساتھ بڑے زخم سے خون کے بہاو کو روکنے کے طریقے بھی سکھائے گئے۔ اسی طرح ہاتھ پاوں ٹوٹنے(فریکچر منیجمنٹ)، جسم کا کوئی حصہ جل جائے، سانپ اور کتے کے کاٹے ہوئے زخم کو صاف کرنے کے طریقے سکھائے گئے۔ تربیتی کورس میں بچوں اور بڑوں کے گلے میں کوئی چیز پھنس جائے ان کے نکالنے کے طریقے بھی بتائے گئے۔ ریسکیو1122کے تربیت یافتہ ٹرینرز نے کرنٹ لگنے، زہر، پانی میں ڈوبنے سمیت بڑے سانحات میں مریضوں کو محفوظ طریقے سے ہسپتال منتقل کرنے کے بارے میں بتایا۔ تربیتی عملے نے شرکاء کو آگ پر قابو، آگ کے اقسام، آگ کے مراحل اور اسے بجھانے کے صحیح طریقوں کے بارے میں عملی مظاہرہ بھی کیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔ایکٹنگ ہسپتال ڈایریکٹر ڈاکٹر امجد محبوب نے اس موقع پر ریسکیو1122کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ آج سے تقریبا15سال پہلے سانحات اور ایمرجنسی کو ڈیل کرنے کا کوئی مناسب طریقہ کار نہیں تھا،انہوں نے بتایا کہ زلزلے کے دوران مریضوں کو سانحے کی جگہ سے ہسپتال منتقل کرتے وقت قیمتی جانیں ضائع ہوجاتی تھیں۔ قائم مقام ہسپتال ڈایریکٹر نے بتایا کہ ریسکیو1122کے آنے کے بعد بم دھماکوں، فسادات، زلزلے اور دیگر سانحات میں زخمیوں کو محفوظ طریقے سے ہسپتال منتقل کرنا شروع ہوا۔انہوں نے بتایا کہ باچاخان میڈیکل کمپلیکس کے ملازمین کو یہ تربیت دیناوقت کی ضرورت تھی تاکہ یہی طریقہ کار کو بروئے کار لاکر عملی طور پر اس کا مظاہرہ کرکے ایمرجنسی میں مریضوں کی جان بچائی جائے۔باچاخان میڈیکل کمپلیکس کے سیکیورٹی انچارج ریٹائرڈ میجر وصال نے بتایا کہ سیکیورٹی عملہ اور دیگر شعبوں کے ملازمین کو ابتدائی طبی امداد کی تربیت لازمی تھی جس کے لئے ریسکیو1122کے ساتھ باہمی معاہدے کے تحت بیسک لائف سپورٹ پروگرام کورس مکمل کرلیا گیا۔ ریسکیو1122کے ایمرجنسی آفیسرارشداقبال اور ٹریننگ ہیڈ فضل غنی نے شرکاء کو آگ پر قابو پانے، زخمیوں کو بروقت طبی امداد دینے، بڑے زخم میں خون کے بہاو کو روکنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ شرکاء نے تربیت کو کافی سراہا اور بتایا کہ اس کورس سے اب ان کو بہتر طور پر آگ اور ایمرجنسی کے واقعات پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔