ملاکنڈ (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز محمد عارف خان یوسفزئی نے کہاہے کہ پولیو ایک خطرناک وائرس ہے لہٰذا اس کا تدارک کرنا معاشرے کے تمام افراد کی مشترکہ ذمہ داری ہے اوراس قومی فریضے کی ادائیگی میں معاشرے کے ہرفرد کوچاہیے کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز اپنے دفتر میں رواں ماہ کی 28 تاریخ سے شروع ہونے والے 5 روزہ انسداد پولیو کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر درگئی فواد خٹک کے علاوہ محکمہ صحت،تعلیم،ای پی ائی،ڈبلیو ایچ او اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران گزشتہ پولیو مہموں کے دوران پائے جانے والی خامیوں پرتفصیلی غوروحوض کیا گیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے شرکاء سے کہاکہ ریفیوزل کیسز کو جلد نمٹانے اور ان کے راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ انسداد پولیو ایک قومی فریضہ ہے اور اس کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کو ہر صورت ختم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل وابستہ ہے انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہموں کا انعقاد تسلسل سے کیا جارہا ہے تاکہ کوئی بھی پانچ سال تک کی عمر کا بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہ جائے لہٰذا عوام کو چاہیے کہ انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے پولیو مہم کے دوران فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔