ملاکنڈ (مانند نیوزڈیسک) صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع ملاکنڈ میں بھی 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر پورے جوش وخروش اور جذبے کے ساتھ منایا گیا اس دن کی مناسبت سے سب سے بڑی تقریب لیویز لائن ہیڈ کوارٹر ملاکنڈ میں منعقد ہوئی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سہیل احمد،اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ محب اللہ کے علاوہ سرکاری محکموں کے سربراہوں،مختلف سیاسی و سماجی عہداداروں اور نجی و سرکاری سکولوں کے اساتذہ کرام اور طلباء نے بھی شرکت کی۔ضلع میں سرکاری سطح پر منعقد ہونے والی سب سے بڑی اور مذکورہ تقریب میں کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کی غرض سے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور پاکستان کا قومی پرچم لہرایا گیا جبکہ اسی موقع پر پاکستان کاقومی ترانے بھی پیش کیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے اورہم کشمیر ی بھائیوں کے سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور کشمیری مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ 5 فروری کویوم یکجہتی منانا پاکستان اورکشمیر کے مسلمانوں کی مذہبی،ثقافتی اور سماجی ہم آہنگی کا مظہر ہے اور اسلامی بھائی چارے کا یہ لازوال رشتہ ہمیشہ کے لیے قائم رہے گا اس موقع پردیگر مقررین نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا اور ہندوستان کو چاہیے جتنا بھی ظلم اور بربریت جاری رکھے پاکستان کشمیریوں کی محبت اور نظریاتی ہم آہنگی تھوڑ نہیں سکتے اور وہ دن بہت جلد آئے گا جب کشمیر ہندوستان کے ظلم اور تسلط سے آزاد ہوجائے گا۔واضح رہے کہ اس دن کی مناسبت سے ضلع بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں میں بھی مختلف تقریری مقابلوں اور دیگر پروگراموں کا بھی انعقاد کیا گیا تھا۔آخر میں بہترین کارکرگی پیش کرنے پر طلبہ میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے گئے اور ملک کی سلامتی کے لیے اجتماعی دعا مانگی گئی۔