کراچی (مانند نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی حکومت کیخلاف بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی نے مزار قائد سے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا، مارچ میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے عوامی لانگ مارچ کے آغاز میں ہی”گو سلیکٹڈ گو“ کا نعرہ لگا دیا۔عوامی لانگ مارچ کی قیادت کرنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں مزارِ قائد پہنچے، جہاں انہوں نے شرکا سے خطاب بھی کیا۔ شہر قائد میں جیالے انتہائی پرجوش نظر آئے، کراچی میں ہر طرف پیپلز پارٹی کے جھنڈے اور قد آور پینا فلیکس آویزاں کئے گئے۔مارچ میں شرکت کیلئے مختلف علاقوں سے کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ آصفہ بھٹو زرداری نے رہائش گاہ سے روانگی سے قبل بلاول کو امام ضامن باندھا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی بلاول کے ہمراہ تھے۔عوامی لانگ مارچ میں شرکت کے لیے مزارِ قائد پہنچنے والے پیپلز پارٹی کے ورکرز نے بلاول بھٹو زرداری کا وزیرِ اعظم بلاول بھٹو کے نعروں سے بھرپور استقبال کیا۔پی پی پی کے کارکنوں کے فلک شگاف نعروں سے مزارِ قائد کے اطراف کا علاقہ گونج اٹھا۔لانگ مارچ کے شرکا نے مزارِ قائد پر وکٹری کا نشان بنا کر بلاول بھٹو زرداری سے یک جہتی کا اظہار بھی کیا۔پیپلز پارٹی کے ورکرز کے فلک شفاف نعروں، خیر مقدمی نغموں اور ترانوں نے جیالوں کا لہو گرما دیا۔عوامی لانگ مارچ کے شرکا کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد جانے اور بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر ہر قربانی دینے کے لیے پرعزم ہیں۔پیپلزپارٹی کے لانگ مارچ کا آخری پڑاؤ راولپنڈی میں ہو گا۔