سوات (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر فضل خالق نے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں کی طلباء اور اساتذہ کا شجرکاری مہم میں دلچسپی اور حصہ لینا بہترین اقدام ہے اور اس کے لئے وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے، طلباء کو نصابی تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ارد گرد کو ماحول صاف ستھرا رکھنے اور دیگر قومی سرگرمیوں میں حصہ ڈالنے کے لئے تربیت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول شگئی، امنکوٹ اور ودودیہ کے دورہ کے موقع پر طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر سوات نے اساتذہ اور سکول بچوں کے ہمراہ پودے لگائے اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ سکول میں اساتذہ اور بچوں کی حاضری بھی چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں کے طلباء وطالبات کو تعلیمی میدان میں معیار کے اعتبار سے سب سے آگے لانے کے لئے محکمہ تعلیم خاطر خواہ اقدامات کررہی ہے جس کے بہترین نتائج آنا شروع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہولیات اور امتحانی نتائج میں بہتری سے سرکاری سکولوں پر والدین کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔