پبی (مانند نیوز ڈیسک) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوامعظم جاہ انصاری نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کا قیام اور اندرونی بقاءو سالمیت پولیس فورس کی اعلیٰ تربیت، تیاری اور ان کی قربانیوں کی مرہون منت ہے۔ اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو بہترین پیشہ ورانہ تربیت سے آراستہ کریں تاکہ درپیش چیلنجوں سے بطریق احسن نمٹا جاسکے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر نوشہرہ میں بیسک ایلیٹ کورس نمبر 18، سپیشل کمبیٹ یونٹ کورس نمبر 7 اور لیڈیز کمانڈو کی کورس نمبر 3 کے شرکاءکی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مجموعی طور پر 464 جانبازوں نے حصہ لیا جن میں بیسک کورس کے 344، پی اے ایس آئیز کے 66، سپیشل کمبیٹ یونٹ کے 29 اور لیڈیز پولیس کے 25اہلکاران شامل تھے۔ سپیشل کمبیٹ یونٹ کے 7ویں دستے نے 9ماہ کی سخت اور مشکل ترین تربیت مکمل کی۔ واضح رہے کہ بیسک ایلیٹ کورس، ایلیٹ فورس کا انڈکشن(Induction)کورس کہلاتا ہے اور اس میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہی پولیس فورس کے جانباز ایلیٹ فورس میں شمولیت کے اہل قرار پاتے ہیں۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی دلیری اور بہادری کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا اور کہا کہ ایلیٹ فورس کے جوانوں کے ساتھ ساتھ سپیشل کمبیٹ یونٹ کے دستے کی خیبر پختونخوا پولیس میں شمولیت سے پولیس فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید نکھار آئے گا۔ آئی جی پی نے بالخصوص سپیشل کمبیٹ یونٹ کی جوانمردی اور صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ یونٹ ایلیٹ فورس کے بہترین جوانوں پر مشتمل ہے۔ جو سخت اور مشکل ترین تربیت مکمل کرنے کے بعد مختلف اضلاع میں تعینات بھی ہو چکے ہیں۔ اور کہا کہ اس دستے کا قیام پاک آرمی کی ایس ایس جی ضرار کمپنی کی تربیت کی طرز پر کیا گیا ہے۔ جن کی تربیت میں قابل ذکر جنگی اور خصوصی حکمت عملی کے فنون، ہیلی بورن اور واٹر مین شپ مہارت، دھماکہ خیز مواد سے نمٹنے کا فن، سنائپر سکلز او دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کی مشقیں شامل ہیں۔ آئی جی پی معظم جاہ انصاری نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر نوشہرہ کی تربیتی معیار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس سنٹر کے انفراسٹرکچر اور ٹریننگ کے معیار میں بہت زیادہ نکھار اور بہتری نظر آرہی ہے۔ یہاں جوانوں کی تربیت جدید خطوط پر ہورہی ہے اور جوانوں کو ہر قسم کے نازک حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید تیکنیکی آلات اور اسلحہ و ہتھیاروں کا استعمال بھی سکھایا جاتا ہے آئی جی پی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے محکمہ پولیس کو خود مختار بنانے اور اس کے نظام کو صاف و شفاف بنانے کے لیے اصلاحات اور منصوبے متعارف کروائے جن کی بدولت عوام میں پولیس کا وقار بڑھنے کے ساتھ اس کی کارکردگی بھی نہایت بہتر ہوئی اور پولیس میں شفاف بھرتی، رشوت ستانی سے پاک اور شفاف نظام متعارف کروانے کی وجہ سے خیبر پختونخوا پولیس باقی صوبوں کے لیے ایک مثال بن گئی ہے۔ آئی جی پی نے معیاری تربیتی مظاہرے اور شاندار پریڈ پیش کرنے پر پریڈ کے شرکاءاور انسٹرکٹروں کی محنت اور کاوشوں کی تعریف کی اور اْمید ظاہر کی کہ جوانوں نے جس لگن اور جانفشانی سے تربیت مکمل کی ہے۔ اسی شوق و جذبے اور بہترین کارکردگی سے اس فورس کی عزت او رشہرت میں اضافہ کریں گے۔ اور جرائم کی بیخ کنی، لوگوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کے ساتھ ساتھ لوگوں کے ساتھ اچھا رویہ اپنائیں گے۔ آئی جی پی نے آنے والے کورس میں ایک ہزار جوانوں کو تربیت دینے اور ایلیٹ فورس کو مزید معیاری اور پیشہ ورانہ فورس بنانے کا عزم کیا۔ آئی جی پی نے ٹریننگ سنٹر کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا عمل شروع کرنے اور پہلا روزہ اس پلانٹ سے افطار کرنے، سوئمنگ پول کے لیے پی سی ون تیار کرنے کے لیے فنڈز کی منظوری دینے کیساتھ ساتھ سنٹر کوجانے والی روڈ کی تعمیر کے لیے حکومت سے منظوری لینے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر جانبازوں نے تربیت کے دوران حاصل کردہ مختلف تربیتی مظاہرے کمبیٹ فائرنگ، ریپیلنگ کے مختلف مظاہرے اور جوڈو کراٹے کے کرتبوں کا عملی مظاہرہ کیا اور حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ مختلف ہتھیاروں کے فائر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر جانباز شاہ روز خان ضلع ایبٹ آباد، چار میل کی دوڑ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر جانباز محمد رضوان ضلع سوات، جسمانی تربیت میں پہلی پوزیشن پر جانباز محمد عمیر ضلع ہری پور، PASI کورس میں پہلی پوزیشن پر جانباز محسن الحق ضلع چترال، سپیشل کمبیٹ یونٹ کورس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر جانباز نجم الدین ضلع بٹ گرام، بیسک کورس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر جانباز محمد ماروت ضلع کوہستان اور لیڈیز کورس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر جانباز یسریٰ بی بی ضلع مردان کو انعامات سے نوازا گیاقبل ازیں کمانڈنٹ ایلیٹ فورس محمد وصال فخر سلطان نے خطبہ استقبالہ پیش کرتے ہوئے ایلیٹ پولیس فورس کی مختلف آپریشنز میں نمایاں کارکردگی، سنٹر کے تربیتی معیار اور درپیش مسائل و مشکلات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ کمانڈنٹ ایلیٹ فورس نے آئی جی پی کو خصوصی سونیئر بھی پیش کیا۔ اعلیٰ پولیس حکام نے کثیر تعداد میں پاسنگ آووٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔