اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ کے لئے قومی اسمبلی کے اجلاس کے لئے سکیورٹی سخت کردی گئی اورریڈ زون کوسیل کردیا گیا۔پارلیمنٹ ہاؤس میں سکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اورغیرمتعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا۔سابق ارکان قومی اسمبلی،صوبائی اسمبلیوں کے ارکان، سینٹرز اورمشیروں کو پارلیمنٹ آنے کی اجازت دی گئی۔حکام کے مطابق پارلیمنٹ جانے والوں کے لئے صرف مارگلہ روڈ کا راستہ کھلا رکھا گیا۔ریڈ زون کے راستوں پرپولیس اوررینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی۔اسلام آباد کے داخلی راستوں پربھی سکیورٹی سخت کردی گئی۔نادراچوک، جناح ایونیو، سرینا چوک، اورڈی چوک سے پارلیمنٹ جانے والے راستوں پر کنٹینرزکھڑے کردئیے گئے اورپارلیمنٹ ہاؤس کے باہرپولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی۔