سوات (مانند نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سوات ڈاکٹر محمد سلیم خان کی زیر صدارت ڈینگی وائرس کی روک تھام اور انتظامات سے متعلق اہم اجلاس ڈی ایچ او آفس سیدوشریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈینگی کی تدارک کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایل ایچ ڈبلیو کوارڈینیٹر ڈاکٹر فضل عارف، ثانیہ مہرین، انعام اللہ اور دیگر متعلقہ سٹاف نے شرکت کی۔ ڈی ایچ او سوات نے ڈینگی کی روک تھام کے لئے ڈاکٹر فضل عارف کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا، مانیٹرنگ ٹیمیں ضلع سوات میں جاری انڈور اور آؤٹ ڈور جاری مہم اور اس سلسلے میں تمام انتظامات کی مانیٹرنگ مزید سخت کریں گے۔ ٹیمیں اس کے علاوہ ڈینگی سے متعلق پلان اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنائینگے۔اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مانیٹرنگ ٹیم ڈینگی صورتحال کے بارے میں ڈی ایچ او سوات کو روزانہ کے بنیاد پر رپورٹ پیش کرے گی۔ ایل ایچ ڈبلیو کوارڈینیٹر نے اجلاس کو 1 مارچ سے9 مئی تک ضلع بھر میں جاری ڈینگی کی روک تھام کے لئے اقدامات، انڈوور اور آؤٹ ڈور مہم اور دیگر مختلف امور پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع سوات میں اب تک ڈینگی کے کوئی مثبت کیسز رپورٹ نہیں ہوا ہے۔ڈینگی مچھر کے خاتمے کے لئے مچھر مار اسپرے اور فومیگیشن مہم جاری ہے۔ایل ایچ ڈبلیو سٹاف نے اب تک 8985 آگاہی سیشن کئے جس سے 101632 خواتین مستفید ہوئے۔ پیرامیڈیکل سٹاف کی جانب سے 989 سیشن منعقد کئے گئے جس سے 12726 مرد مستفید ہوئے۔ مہم کے دوران 101632 سائٹ کا معائنہ کرتے ہوئے 366320 جگہوں کو جانچا گیا۔ آؤٹ ڈور میں 4286 سائٹ پر 44349 جگہوں کا معائنہ کیا گیا۔ ڈی ایچ او سوات ڈاکٹر محمد سلیم خان نے ٹیموں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کے روک تھام اور اقدامات کے لئے تمام اداروں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے کوئی مسائل درپیش ہوں تو بروقت اگاہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈینگی وائرس کی روک تھام سے متعلق ڈیوٹی میں غفلت لاپرواہی برتنے والے ہیلتھ ٹیم کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے ہوٹلوں کو ہدایات جاری کئے ہیں کہ وہ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر پر بھی عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کی بڑی تعداد کے آمد کے پیشِ نظر سوات ہوٹلوں میں ڈینگی احتیاطی تدابیر سمیت کورونا کی روک تھام سے متعلق مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے تاکہ ضلع کو محفوظ رکھا جاسکے۔