اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ اپنی پارٹی کے لوگوں کو مخالفین کے خلاف اکسانے والا توایک ہی شخص عمران خا ن ہے،عمران خا ن پوری قوم کو پاگل پن کی تعلیم دیتا ہے، عمران خان اور پی ٹی آئی والے جو حرکتیں کرتے ہیں انہیں پاگل پن سے نیچے کس چیز سے تشبیہ دی جاسکتی ہے۔ عمران خان جلسوں میں مخالفین کے خلاف اپنی پارٹی کے کارکنوں کو جو اکسا رہا ہے اس پر بھی کارروائی جاری ہے، عمران خان کے خلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا او روقت آنے پر ان کی گرفتار ی بھی ہو گی،ان کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔ان خیالات کااظہار رانا ثناء اللہ خان نے ایک نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ آپ اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ کہیں جارہے ہیں اور ایک شخص آخر چلانا شروع کردے اور آپ کی عزت نفس اور احترام کو مجروح کرے اور عزت کو نقصان پہنچائے توکیا اسے کاٹنا اوراس پر غرانا نہیں، کیا اس نے آپ کو آکر غزلیں، عارفانہ کلام اور نظم سنانا شروع کردیا ہے، اس معاملہ کو کسی طور پر برداشت نہیں کیا جاسکتا اورہر طرح اسے الفاظ کے ساتھ ہی اس کی مذمت کرنا مناسب ہے۔ اگر ہم اس تشدد کو نہیں روکیں گے تواس کے اور بُرے نتائج نکلیں گے۔ پہلے یہ چیزیں سوشل میڈیا پر اورفون پر بند تھی اب یہ سڑکوں اور بازاروں پر آرہی ہے، اگراس کو یہاں پر اس کو پوری سختی سے نہ روکا گیا تو پھر شاید یہ زیادہ نقصان کا باعث بنے۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنی پارٹی کے لوگوں کو مخالفین کے خلاف اکسانے والا توایک ہی شخص عمران خا ن ہے، یہ وہ شخص ہے جو پوری قوم کو پاگل پن کی تعلیم دیتا ہے، خود لوگوں کیخلاف گھٹیا لفظ استعمال کرتا ہے اور لوگوں کی تضحیک کرتا ہے، اپنے مخالفین کو بُرے،بُرے ناموں سے پکارتا ہے اور اپنے خلاف کوئی بات ہو توان کو اس بات کی بڑی تکلیف ہوتی ہے۔ عمران خان جب اس مرتبہ لانگ مارچ لے کر آیا تھا تواس کے خلاف 20کے قریب مقدمات درج ہوئے ہیں، یہ پشاور میں چھپ کر بیٹھا رہا ہے اور پھر اس نے ضمانت قبل ازگرفتاری کرواکر اسلام آباد آیا ہے۔ ایک سوال پر رانا ثناء اللہ خان کا کہنا تھا کہ اگرعمران خان کو کسی کی پرواہ نہیں تو یہ بھی میری جوتی کی نوک پر ہے اس کی بھی مجھے پرواہ نہیں، آئے، اس سے پہلے اس نے جو ہمارے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے، ہمارے خلاف بدترین اور گھٹیا ترین انتقامی کاروائیاں کیں اس کا ہم سب نے سامنا کیا ہے، ہم نے جیلوں میں رہ کراس کے بڑے گھٹیا انتقام کا سامنا کیا ہے، اب بھی اگر وقت آیا تو ہم اس کا سامنا کریں گے کیونکہ ہم حق پر سچائی پر ہیں۔ عمران خان کو ان کی حرکتوں سے روکنے کے لئے جو بھی قانونی طریقہ موجود ہے اس کے مطابق ان کے خلاف کاروائی کریں گے اوراس سے قطعاً پیچھے نہیں ہٹیں گے۔