جدباء (مانند نیوز ڈیسک) میں کیمپ کورٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر تورغر انور زیب خان کی کاوشوں کی بدولت عوام کی آسانی اور سہولت کے پیش نظر کیمپ کورٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔ کیمپ کورٹ کا باقاعدہ افتتاح ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شہناز حمید خٹک نے کیا۔ اس تقریب میں سنئیر سول جج (ایڈمن) قیصر شہزاد، سنئیر سول جج (جوڈیشل) محمد سہیل، پریزیڈنٹ ڈسٹرکٹ بار تورغر ایڈوکیٹ قمر فاروق، جنرل سیکریٹری ڈسٹرکٹ بار تورغر ایڈوکیٹ عامر شہزاد، وائس پریزیڈنٹ ڈسٹرکٹ بار ایڈوکیٹ حمید خان، ایڈوکیٹ ہائی کورٹ سعید احمد بھی شریک تھے۔ ڈپٹی کمشنر تورغر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صاحبہ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں بتایا کہ کیمپ کورٹ کا قیام بلاشبہ تورغر کی تاریخ کا ایک روشن باب گردانہ جائیگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس عمل سے نہ صرف کیسز کو جلد نمٹانے میں مدد ملے گی بلکہ عوام کو باقی تکالیف سے بھی چھٹکارا حاصل ہو گا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر تورغر نے بھی میڈم کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ لوکل پولیس کے لئے کیمپ کورٹ کا قیام یقیناً راحت کی گھڑی سے کم نہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شہناز حمید خٹک نے تقریب میں شامل تمام شرکاء اور خاص کر ڈپٹی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔