لاہور (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے سیلاب متاثرین کے لئے مالی امداد کااعلان کردیا، پنجاب حکومت سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8،8لا کھ روپے مالی امداد دے گی-وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس ایوان وزیراعلیٰ میں ہوا، اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب میں چو ہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے گی-سیلاب متاثرہ علاقوں میں سب سے پہلے ریسکیو 1122کا عملہ پہنچا ۔وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر و مرمت کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ سڑکوں کی بحالی کا کام جنگی بنیادوں پر شروع کیا جائے۔وزیراعلی نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگانے کی ہدایت کی۔ ا نہوں نے کہا کہ میڈیکل کیمپس میں سیلاب متاثرین کو وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جائے- سانپ کاٹنے اور ہیضہ سے بچا ؤکی ادویات میڈیکل کیمپس میں دستیاب ہونی چاہئیں۔ سیلاب متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیا جائے،ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے،کمشنر،ڈپٹی کمشنرز،آر پی او اور ڈی پی اوز منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر متاثرین کی دادرسی کے لئے کوئی کسراٹھا نہ رکھیں، ریلیف کی تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔