بنوں (مانند نیوز) شمالی وزیرستان میں 2 ارب روپے سے زائد لاگت سے شکتو سمال ڈیم پر کام کا آغاز کرنے کا فیصلہ، شکتو سمال ڈیم کی تعمیر سے 5757 ایکڑ زمین سیراب ہوگی کمشنر بنوں ڈویژن ارشد خان کے زیرصدارت شمالی وزیرستان میں دو ارب روپے سے شکتو سمال ڈیم تعمیر کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر آفس بنوں میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر بنوں کیپٹن ریٹائرڈ عون احمد گوندل، سیکرٹری ٹو کمشنر نورالامین، پولیس اور محکمہ آبپاشی سمیت متعدد حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شکتو سمال ڈیم سے 5757 ایکڑ زمین سیراب ہوگی اور ڈیم کی تعمیر کیلئے پی سی ون منظور ہو چکا ہے اور 2.1 ارب روپے ریلیز کئے گئے ہیں۔ محکمہ آبپاشی کے حکام نے کمشنر بنوں ڈویژن ارشد خان کو تفصیلی بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی کلیئرنس کے ساتھ ہی شکتو سمال ڈیم پر کام کا آغاز کیا جائے گا جس کیلئے کمشنر بنوں ڈویژن نے پولیس حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ریجنل پولیس آفیسر دونوں اضلاع شمالی وزیرستان اور بنوں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کے ساتھ شکتو سمال ڈیم سیکورٹی انتظامات کیلئے ایک ہفتے کے اندر اجلاس بلایا جائے تاکہ ڈیم پر کام کا آغاز جلد ممکن ہو سکے۔ کمشنر بنوں ڈویژن ارشد خان نے کہا کہ ریجنل پولیس آفیسر کے سیکورٹی سفارشات کی روشنی میں صوبائی حکومت سے شکتو ڈیم کے تعمیر کیلئے سیکورٹی کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ شکتو ڈیم کی تعمیر کا دورانیہ تین سال ہے جبکہ ڈیم کی لمبائی 167 میٹر اور اونچائی 43 میٹر ہوگی۔