وانا (مانند نیوز ڈیسک) ملک بھر کی طرح ضلع جنوبی وزیرستان میں 4 اگست یوم شہداء پولیس سکاؤٹس کیمپ جرگہ ہال میں نہایت عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانزیب مہمند ، اسسٹنٹ کمشنر بشیر خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر صادق علی ، پولیس آفیسرز ، تحصیل چیئرمین صالح وزیر، کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے قائدین ، علاقے کے مشران اور نوجوانانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خانزیب مہمند کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان کے بہادر نوجوان جو اپنے ملک اور قوم کی خاطر جان کی قربانی دی ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی جی صفوت غیور چار اگست سال دو ہزار دس کو پشاور کے صدر کے علاقے میں ایک خود کش حملے میں شہید ہو گئے تھے۔ اسلئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کانسٹبلری صفوت غیور کی چھٹی برسی کے موقع پر صوبائی پولیس نے یوم شہدا کے طور پر منانے کی منظوری دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں امن کی جو فضاء قائم ہے اس کے پیچھے شہداء کی لازوال قربانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن عناصر اورمعاشرے کے ناسوروں سے لڑتے ہوئے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں، ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ اس موقع پر مولانا میرزاجان وزیر کا کہنا تھا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وانا بشیرخان کا کہنا تھا کہ شہداء پولیس ہمارے سروں کے تاج ہیں اور شہداء پولیس کے بچوں کے لئے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ شہداء ڈے کے موقع پر ملک و قوم اور شہدائے پولیس کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ملک جمیل کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں جنھوں نے ہمارے کل کےلئے اپنا آج قربان کیا۔ہماری فورسز کے جتنے بھی جوان شہید ہوے ہیں انکا خون اس وطن کی مٹی پر قرض ہے جنکو ہم کبھی نہیں اتار سکتے ہمیں اپنے شہداء پر رشک ہے۔ آخر میں پولیس شہدا کے بچوں میں پولیس کیپ تقسیم کئے گئے۔