چترال (مانند نیوز ڈیسک) وطن عزیز کی گولڈن جوبلی کی تقریبات کی جشن کے سلسلے میں حمیدہ ایجوکیشن اکیڈیمی اینڈ بورڈنگ میں  انجمن ترقی کھوار کے زیر اہتمام ایک مشاعرہ ہوا۔ اس مشاعرے میں وطن عزیز کے ان ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا گیا جن کی قربانیوں کی بدولت آج ہم ایک آزاد ریاست میں سانس لے رہے ہیں۔ حمیدہ ایجوکیشن اکیڈمی اینڈ بورڈنگ چترال بھر کے یتیم بچوں اور بچیوں کی کفالت اور ان کو دینی علوم کے ساتھ ساتھ عصری علوم دینے کا بھی اہتمام کرتی ہے۔اس موقع پر اردو کے شاعر شاہد مشہود مہمان حصوصی تھے جبکہ محفل مشاعرے کی صدارت مولانا عماد الدین نے کی جنہوں نے ان بے سہارا بچوں کی کفالت کیلئے اپنی ذاتی زمین وقف کرکے ان کیلئے ہاسٹل  اور رہائش گاہ تعمیر کروایا ہے۔ چونکہ ان یتیم بچوں کے  والدین کی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے بہت کم ایسے مواقع ملتے ہیں جہاں یہ باہر جاکر سیر سپاٹا کرے یا لوگوں کے ساتھ گھل مل کر چند لمحوں کیلئے خوش رہے اسلئے حمیدہ ایجوکیشن اکیڈمی کی درخواست پر  انجمن ترقی کھوار  کے مرکزی صدر معیز الدین بہرام نے ضلع اپر اور ضلع لوئیر چترال  کے تمام نامور شعراء کو بلایا تھا جنہوں نے اپنا کلام پیش کیا اور اس میں مادر ملت کے لئے جن ہستیوں نے قربانیاں دی تھی ان کی خدمات کو سراہا۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور اس کے بعد معروف سماجی کارکن، ادیب، شاعر اور  محقق عنایت اللہ اسیر نے ترنم کے ساتھ خوبصورت انداز میں نعت شریف پیش کیا۔سٹیج سیکرٹری  ولی زمان مسرور نے حسب روایت سب سے پہلے اپنا کلام پیش کرنے کے بعد باری باری شعراء کو دعوت دی جنہوں نے اپنا  کلام پیش کرتے ہوئے حاضرین سے داد لی۔ اس دوران تیز بارش بھی شروع ہوئی مگر شعراء کے کلام کا لوگوں پر ایسا سحر طاری تھا کہ جس طرح کسی نے جادو کیا ہو اور سب لوگ بارش میں بھیگتے رہے مگر کلام سنتے رہے۔ بعض شعراء نے اردو میں اپنا کلام پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کیلئے قوم کی قربانیوں کو سراہا  اور نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ  شوق سے لکھ پڑھ کر بڑا آدمی بنے اور ملک و قوم کی خدمت کرے۔ اس دوران حمیدہ اکیڈمی میں رہائش پذیر  یتیم بچوں نے بھی ان کو داد دی اور اوہ بھی اس سے لطف اندوز ہوئے۔ اس مشاعرے میں  شہزادہ تنویر الملک صدر انجمن ترقی کھوار، غلام رسول بے قرار، معیز الدین بہرام، ولی زمان مسرور، احسان  شہابی، محبوب الحق حقی، صالح ولی آزاد، ظفر اللہ پرواز، حافظ اللہ امین، ذاکر زحمی، عنایت اللہ اسیر، سرور سرور، شہزاد احمد شہزاد، شوکت علی اور دیگر شعرا ء نے اپنا کلام پیش کیا۔ تقریب کے آحر میں حمیدہ ایجوکیشن اکیڈمی اینڈ بورڈنگ کے ڈائریکٹر مولانا عماد الدین نے تمام شعراء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان یتیم بچوں کو چند لمحوں کیلئے خوش رکھنے کیلئے اپنا قیمتی وقت کی قربانی دی۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ جاتے وقت ان یتیم بچوں کو بھی ایک نظر دیکھ لے جن کا اس دنیا میں اللہ کے سواء کوئی سہارا نہیں ہے۔ انہوں نے اس موقع پر نبی مہربان  رحمت اللعالمین ﷺ کی ایک حدیث کا حوالہ دیا کہ یتیم کی کفالت کرنے والا جنت میں میرے ساتھ اتنا قریب ہوگا جتنا میرے ہاتھ کی دو انگلیاں۔ انہوں نے ایک واقعے کا ذکر بھی کیا کہ حضور ﷺ کے پاس ایک صحابی آیا جس کا بیٹا گم ہوا تھا  وہ نہایت پریشان تھے اسے ایک دوسرے صحابی نے خوشخبری سنادی کہ تمھارا بچہ فلاں باغ میں دوسرے بچوں کے ساتھ کھیل  رہا ہے وہ خوشی خوشی اس طرف دوڑنے لگا تو حضرت محمد ﷺ ان کو آواز دیکر واپس بلایا اور اسے تلقین کی کہ جب تم باغ میں پہنچو تو اے میرے بیٹے کہہ کر اپنے بچے کو مت پکارنا  مبادا اس میں ایسے بچے بھی ہوں گے جن کا والد فوت ہوچکا ہو تو کہیں ان کو اپنے والد کی کمی کی وجہ سے دکھ نہ پہنچے بلکہ اپنے بچے کا نام لیکر اسے پکارو۔انہوں نے کہا کہ میں، شہزادہ مدثر الملک اور دیگر ساتھی رضاکارانہ طور پر ان یتیم بچوں کی کفالت کیلئے اپنے بساط کے مطابق کوشش تو کرتے ہیں مگر بے تحاشا مہنگائی کی وجہ سے ان کی تعلیم و تربیت میں ہمیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے   تمام لوگوں سے اپیل کی کہ جب وہ اپنے بچوں کیلئے سکول  کا بیگ، کتابیں، اسٹیشنری لے رہے ہو تو کم از کم ایک عدد پنسل ان یتیم بچوں کیلئے بھی خرید کر ان کو فراہم کرے تاکہ یہ یتیم بچے بھی دیگر بچوں کی طرح تعلیم حاصل کرکے ایک مفید شہری بن سکے۔ اس مشاعرے کی محفل میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جو رات دیر تک جاری رہی اور بعد میں دعائیہ کلمات کے ساتھ احتتام پذیر ہوئی۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے