پشاور (مانند نیوز ڈیسک) امیر جمعیت علماء اسلام (ف)مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سلمان رشدی کے ساتھ جو ہوا وہ امت مسلمہ کا رد عمل ہے۔سلمان رشدی کے خلاف سب سے پہلے آواز ہم نے 1988 میں اٹھائی۔نیازی بتائے سلمان رشدی پر امریکہ میں ہونے والے حملے کو یہاں بلا جواز قرار دینا کس کے اشارے پر ہے؟ کارکن سیلاب میں متاثرہ افراد کی آگے بڑھ کر خدمت کریں،حکومتوں کا انتظار نہ کریں۔نیب اپنے وجود سے تاحال کرپشن کے خلاف کام کر رہا ہے لیکن کوئی نتیجہ نہیں آیا۔ کرپشن میں صرف سیاستدانوں کا نام آتا ہے۔ان خیالات کااظہار مولانا فضل الرحما ن نے پشاور میں مرکزی مجلس عمومی کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا کہ کے پی میں مذہب کی جڑیں ختم کرنے کے لئے نیازی کو حکومت دی گئی، ہمارے اکابر نے فتنوں کا مقابلہ گھروں میں بیٹھ کر نہیں بلکہ میدان عمل میں کیا جو شخص کہے کہ اگر نیازی نمرود کو بھی کھڑا کرے تو میں اس کو بھی ووٹ دوں گا، اس قسم کی باتیں فتنے کی علامت ہیں، جے یوآئی نیازی فتنے پر آنکھیں بند کرکے نہیں بیٹھ سکتی۔ علما ء کی جماعت قرآن کریم کے دیئے گئے احکامات کو نظر انداز نہیں کرسکتی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی مجموعی سیاست میں تمام مسالک کے علما متفق ہیں،ہماری جمہوریت کا تعین ہمارا آئین کرتا ہے۔ مملکت کی حکمرانی عوام کی تائید سے ہو لیکن طریقہ حکمرانی قرآن وسنت کی روشنی میں ہو۔قانو ن سازی کے حوالے سے حکومت کا بنیادی ہدف انتخابی اصلاحات اور نیب قوانین میں اصلاحات ہیں۔بیرون ملک موجود پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا شوشہ چھوڑا گیا اس کے لئے کوئی مناسب طریقہ نہیں تھا اور اس میں نوے فیصد دھاندلی کا اندیشہ تھا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہماری تجویز تھی کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو مناسب نمائندگی دی جائے،افسر شاہی شرعی امور کو سنجیدہ لے۔ یہ ایک اسلامی ملک ہے۔نیب کی نظر میں ہر پاکستانی مجرم ہے،یہ مشرف کا تحفہ ہے۔