سوات (مانند نیوز ڈیسک) ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان ٹیموں کے ہمراہ دن بھر فیلڈ میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے، اس دوران دریائے سوات کنارے آباد رہائشی کالونیوں سے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقلی، روڈ امدورفت میں حائل رکاوٹوں, رابطہ پلوں پر پانی کے بہاؤ اور دیگر ریسکیو اقدامات کی دن بھر مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔ ٹیموں نے اسسٹنٹ کمشنرز کی زیرِ نگرانی مختلف تحصیلوں میں دن بھر ریسکیو و ریلیف اقدامات کئے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے خطرات کے پیش نظر شہریوں کو دریا کنارے جانے سے روکنے و دیگر حفاظتی اقدامات کا بھی دن بھر جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں دن بھر آگاہی پیغامات پہنچانے کا بھی سلسلہ جاری رہا۔ دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں ایمرجنسی کا نفاذ عمل میں لیا گیا جو کہ 30 اگست تک لاگو رہے گا۔ یاد رہے کہ مینگورہ خوڑ میں سیلابی صورتحال کے تناظر میں سرکاری اہلکاروں کی چھٹیاں پہلے سے منسوخ کی گئی تھیں جبکہ سرکاری ادارے و ضلعی انتظامیہ دن بھر اور رات کے اوقات بھی ہائی الرٹ رہے۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال کے تھمنے تک عوام احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں اور دریا و ندی نالوں اور خوڑ کناروں پر جانے سے پرہیز کریں۔ ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان کا کہنا تھا کہ ریسکیو کے ساتھ ساتھ ریلیف اقدامات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ادارے مکمل متحرک ہیں۔