لاہور (مانند نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب متاثرین کی مدد کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کررہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب چو ہدری پرویز الٰہی سے صوبائی وزیر مال نوابزادہ منصور علی خان کی ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں نوابزادہ منصور علی خان نے وزیر اعلی پنجاب چوہدرھری پرویز الٰہی کو وزیراعلی فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے چیک دیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے مالی امداد کے چیک پر نوابزادہ منصور علی خان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے آگے آنا عبادت سے کم نہیں، مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ قوم متاثرین کی بحالی اور آبادی کاری کے کار خیر میں بھرپور حصہ ڈالے گی، صاحب ثروت افراد کی دینی، قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی مدد میں پیش پیش ہوں۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرین کی مدد کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کررہی ہے، پنجاب حکومت کی سیاسی و انتظامی ٹیم ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں غیر معمولی بارشوں و سیلاب سے غیر معمولی صورتحال پیدا ہوئی ہے، تباہ کاریوں کوالفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اختلافات بھلا کر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا ہے، اصل سیاست اس وقت دکھی انسانیت کی خدمت ہی ہے۔