پشاور (مانند نیوزڈیسک) دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب آگیا۔ضلع چارسدہ کے قریب واقع منڈا ہیڈ ورکس سیلابی پانی کی وجہ سے 2 حصوں سے ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلا نوشہرہ اور چارسدہ کے رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیاجس کے باعث دیہاتوں میں لوگ مکانوں کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔کئی علاقوں میں لوگ اپنے مکان خالی کرکے مویشیوں سمیت محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرگئے جبکہ مردان پل پر لوگوں کا رش لگ گیا اور ان میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔فلاحی اداروں اور 1122 کی ٹیموں نے سینکڑوں محصور افراد کو کشتیوں میں محفوظ مقامات پر منتقل کردیاتاہم نوشہرہ کلاں کے مقام پر دریا کابل کا حفاظتی پشتہ ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے سیلابی پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ پشتہ ٹوٹنے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیاہے۔صوبائی ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اس وقت خیبر پختونخوا کے تمام دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ آخری رپورٹ کے مطابق اب تک صوبے میں 193 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔