پشاور (مانند نیوز ڈیسک) ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسرمردان جمال شاہ مہمند نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، اس وقت پاکستان قدرتی آفات کی زد میں ہے، بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں، لاکھوں خاندان کھلے آسمان تلے اپنی راتیں بسر کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ ہم کو ایک قوم بن کر ساتھ کھڑے ہونا ہے تاکہ ہم زیادہ سے زیادہ متاثرین کی مدد کر سکیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں محکمہ سوشل ویلفیئر کے ساتھ رجسٹرڈ فلاحی تنظیموں کے عہدایداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا، انھوں نے کہا کہ جس کی جو استطاعت ہے وہ اتنی امداد کرے۔ انھوں نے کہا کہ سیلاب قدرتی آفت ہے جس کے آگے ہم سب بے بس ہیں لیکن جو ہمارے ہاتھ میں ہے وہ ہم کر رہے ہیں، انکا کہنا تھا کہ اس وقت انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی کوششوں کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم آفت زدہ خاندانوں کی نہ صرف مدد کر سکیں بلکہ انکا حوصلہ بھی بنیں اور انھیں احساس دلائیں کہ پوری قوم انکے ساتھ اس مشکل وقت میں کھڑی ہے۔ اس موقع پر تمام تنظیموں نے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر مردان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔