پشاور (مانند نیوز ڈیسک) چائلڈ پروٹیکشن یونٹ مردان کے آفیسر محمد عمیر ساجد نے کہا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن کا بنیادی مقصد معاشرے کے بے سہارا، لاوارث اور عدم توجہی کا شکار بچوں کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانا ہے۔ ایسے بچوں کو چائلڈپروٹیکشن یونٹ میں مفت تعلیم، طبی سہولتوں کے ساتھ ساتھ رہائش، کھانا اور زندگی کی دیگر سہولتیں مہیا کی جاتی ہیں۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر مردان میں زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے چیئر مین محمد پرویز اور پارٹ آرگنائزیشن کے چیئر مین فیاض الاسلام سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا،اس موقع پر چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی سوشل کیس ورکر سارہ بھی موجود تھی،محمد عمیر ساجد نے کہا ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن یونٹ میں بے سہارا اور عدم توجہی کا شکار بچوں کو نہ صرف تحفظ فراہم کیا جارہا ہے بلکہ ان بچوں کو بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں جن میں رہائش، خوراک، تعلیم، صحت اور بچوں کی اچھی تربیت شامل ہے۔ زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی مردان کے چیئر مین محمد پرویز نے چائلڈ پروٹیکشن یونٹ مردان کو اپنی تنظیم کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ بچوں کے حقوق کو یقینی بنانا زمونگ جذبہ ویلفیئر سوسائٹی کی اولین ترجیح ہے، ہمارا ادارہ سڑکوں پر آوارہ پھرنے والے بچوں، چائلڈ مزدوروں یا اسمگلنگ، گمشدہ اور نظرانداز ہونے والے بچوں کے بچاؤ، رہائش، مشاورت، خاندان کا پتہ لگانے اور بحالی کی خدمات فراہم کرنے میں چائلڈ پروٹیکشن کی مدد کر یگا۔