اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ سیاست میں عمران خان کا مقابلہ کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو گیا۔عمران خان کی پیشی کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ دہشتگردی کی دفعات لگا کے آپ عمران خان کا تو کچھ نہیں بگاڑ رہے لیکن پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے، سیاست میں عمران خان کا مقابلہ کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنا اور ملک دونوں کا نقصان کر رہے ہیں،آج پوری عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، عمران خان صرف پاکستان کے نہیں بلکہ عالم اسلام کے لیڈر سمجھے جاتے ہیں، جھوٹا مقدمہ بنا کر عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ رہے بلکہ ملک کی ساکھ مجروح کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جتنا عمران خان کو دبانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ اتنے ہی مقبول ہوتے جا رہے ہیں، مسئلے کا ایک ہی حل ہے کہ الیکشن کرائیں اور عوام کو فیصلہ کرنے دیں۔ اگر آپ کے خیال میں آپ مقبول ہیں تو سیاست کے میدان میں آ کر مقابلہ کریں۔