اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کیلئے ترکیہ کے وزیرِ داخلہ سلیمان سوئیلو اور وزیرِ ماحولیات مراد خرم سمیت17 رکنی وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ،وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال،وفاقی وزیر شیری رحمان نے ترکیہ کے وفد کا استقبال کیا اور سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی کاموں پر بریف کیا۔ اس موقع پروفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ترکیہ کے جذبے کو کبھی بھی بھلا نہیں سکتے وہ پاکستان کا مخلص دوست ہے۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا مخلص دوست ہے،اللہ تعالی کا شکریہ ادا کرتے ہیں جس نے ترکیہ جیسا دوست پاکستان کو دیا ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ترکیہ کے وزیرِ داخلہ سلیمان سوئیلو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ دعا ہے کہ اللہ تعالی پاکستان کو اس آفت سے جلد نکالے، مشکل کی گھڑی میں پاکستانیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ترکیہ سے امدادی سامان کے 11 جہاز پاکستان پہنچ چکے ہیں۔وزیرِ داخلہ ترکیہ سلیمان سوئیلو نے یہ بھی کہا ہے کہ ترکیہ سے امدادی سامان لے کر 2 ٹرینیں بھی 6 دنوں میں پہنچ جائیں گی۔واضح رہے کہ برادر ملک ترکیہ سے پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے امداد لے کر جہاز مسلسل پاکستان آ رہے ہیں۔