چترال (مانند نیوز ڈیسک) حالیہ سیلاب نے چترال میں بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ اس سیلاب میں نو افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ کئی لوگ بے گھر ہوگئے۔ متاثرہ لوگ ایک عرصے تک بے یارومدد گار کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔متاثرہ لوگ حکومتی امداد کے منتظر تھے۔ حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری اور فلاحی اداروں نے بھی ان متاثرین کے ساتھ بڑھ چڑھ کر مدد کیا۔ ان فلاحی اداروں میں شیخ ذکریا ٹرسٹ کا نام بھی سرفہرست ہے۔
سیلاب میں متاثرین کی داد رسی بحالی اور امدادی کاموں میں حضرت مفتی فیض الدین نے جس طرح بڑھ چڑھ کر حصہ لیا وہ قابل داد ہے۔ چترال لوئر شیشی کوہ، وادی گولین سے لیکر اپر چترال کے کھوت تک تریچ سے وادی یارخون کہوژ تک بلا تفریق متاثرین سیلاب کی داد رسی کے لئے بنفس نفیس خود ہر ہر متاثرہ گاؤں تک پہنچے اور متاثرین میں راشن اور نقد رقوم تقسیم کی۔وادی چترال پر جب بھی کوئی مشکل وقت آتا ہے تو مفتی فیض الدین صف اول میں نظر آتے ہیں یہی وجہ ہے کہ چترال میں مفتی فیض الدین کی کاموں کو نہایت سراہا جاتا ہے۔مفتی فیض الدین پیر طریقت رہبر شریعت حضرت پیر عزیز الرحمن ہزاروی رحمہ اللّٰہ کے خلیفہ مجاز ہیں ان شفقتوں کی وجہ سے انہیں شفیق الامت کا خطاب ملا۔
حالیہ سیلاب میں چترال کے اندر تمام متاثرہ لوگوں کو امداد بھی انہوں نے دی جہاں بھی گئے مستحقین کی دعائیں سمیٹ کر لے گئے۔ مفتی فیض الدین کا تعلق ضلع اپر چترال کے تحصیل تورکہو سے ہے جو اسلام آباد میں امامت اور درس و تدریس سے وابستہ ہے۔ ہمارے نمائندے سے فون پر باتیں کرتے ہوئے مفتی فیض الدین نے کہا کہ جن لوگوں کے گھر مکمل تباہ ہوئے تھے ان کو ان کے گھر کے مطابق دس، پندرہ اور بیس ہزار روپے نقد امداد کے طور پر دئے گئے۔ جن کے مکان کو جزوی نقصان پہنچا تھا ان کو پانچ، سات اور آٹھ ہزار روپے دئے گئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے متاثرہ لوگوں میں راشن کے طور پر آشیائے خوردنوش بھی تقسیم کئے۔راشن میں آٹا، گھی، چینی، دالیں وغیرہ شامل تھے۔ شیخ ذکریا ٹرسٹ کے نمائندے کے طور پر معروف سماجی کارکن مولوی فتح الرحمان بھی ان متاثرہ علاقوں کو دورہ کرکے متاثرین کی فہرست تیار کرتے ہیں اور بعد میں ان کو نقد رقم اور امدادی سامان فراہم کی جاتی ہے۔مفتی فیض الدین نے بتایا کہ انہوں نے لوئیر چترال میں وادی شیشی کوہ کے متاثرین کے ساتھ مالی طور پر مدد کیا جبکہ وادی گولین کے متاثرین میں نقد رقم کے ساتھ ساتھ راشن بھی تقسیم کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع اپر چترال کے کھوت، تریچ، مستوج، خورزک، تپوک، استارو وغیرہ کے متاثرین میں بھی یہ امدادی رقم اور سامان تقسم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض علاقے ایسے ہیں کہ وہاں میں نہیں جاسکتا تو ارادہ ہے کہ اسی ہفتے وہاں بھی امدادی سامان بھجوادوں۔
ایک سوال کے جواب میں مفتی فیض الدین نے کہا کہ ان کے ساتھ کوئی سرکاری یا غیر سرکاری ادارہ مدد نہیں کرتا بلکہ مخیر حضرات کی چندوں اور ان کی تعاون سے یہ ٹرسٹ چل رہا ہے جو پورے پاکستان میں سیلاب کے متاثرین کے ساتھ مدد کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ چترال میں اتنا زیادہ نقصان نہیں ہوا تھا مگر پھر بھی مصیبت کے اس گھڑی میں اپنے چترالی بھائیوں کو تنہاں نہیں چھوڑوں گا اور اپنے بساط کے مطابق ان کے ساتھ تعاون کرتا رہوں گا۔
سماجی کارکن مولانا فتح الرحمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے یہ امدادی سامان اور نقد رقم بغیر کسی مسلک، مذہب، پارٹی وابستگی یا اپنی ذاتی پسند ناپسند پر بلکہ ان سب بے مبرا ہوکر صرف اور صرف انسانیت کی خدمت کے ناطے بلا تفریق یہ سامان اور نقد رقم متاثرہ لوگوں میں تقسیم کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے ملک کے لوگ مصیبت میں ہیں اور سیاست سے بالا تر ہوکر ان کے ساتھ مدد کرنا چاہئے سیاست کیلئے اور بھی کئی مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے دیگر سیاسی اور مذہبی پارٹیوں کے کارکنوں سے اپیل کی کہ اس امدادی پیکیج میں سیاست سے دور رہے اور صرف متاثرہ لوگوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کے ساتھ مدد کرے تاکہ ان کے بچے بھی بھوکے نہ سوئے۔