لاہور (مانند نیوز ڈیسک) منشیات برآمدگی کیس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔ ہفتہ کو لاہور کی انسداد منشیات کی خصوصی عدالت میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس پر سماعت ہوئی، خصوصی عدالت کے جج نعیم شیخ نے کیس کی سماعت کی، رانا ثناء اللہ کے وکلا کی جانب سے عدالت میں ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائرکی گئی۔عدالت میں بتایا گیا کہ رانا ثنا اللہ ملک میں سیلابی صورتحال کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، سیلاب زدگان کے تمام تر معاملات کو وزارت داخلہ ہی دیکھ رہی ہے۔عدالت نے رانا ثناء اللہ کی ایک روزہ حاضری معافی منظور کر لی، عدالت میں پراسیکیوشن کی جانب سے رانا ثناء اللہ کے اثاثے منجمد کئے جانے پر بھی دلائل دیئے گئے۔پراسیکیوٹر نے کہا کہ ڈیڑھ سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے ابھی تک رانا ثناء اللہ پر فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی، یہ لوگ ہمیشہ عدالت میں کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر وقت لے لیتے ہیں۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کردی۔