لاہور (مانند نیوز ڈیسک) پنجاب میں ایک طرف سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور دوسری طرف پنجاب حکومت نے 40نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گاڑیوں کی خریداری پر30کروڑ پانچ لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ 26گاڑیاں وزیر اعلیٰ آفس کو دی جائیں گی جبکہ 14گاڑیاں سروسز اینڈجنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کو دی جائیں گی جو کچھ وزراء اور متعلقہ افسران کو فراہم کی جائیں گی۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب حکومت کو ایس اینڈجی اے ڈی کی جانب سے سمری بھجوائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ انہیں 40نئی گاڑیاں چاہیں جن میں سے 14گاڑیاں ایس اینڈ جی اے ڈی ٹرانسپورٹ پول کو درکار ہیں جبکہ 26گاڑیاں وزیر اعلیٰ آفس کو درکار ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے معاملہ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و ترقی کو بھجوایا تھا۔ کمیٹی ارکان جن میں کابینہ اراکین اور بیوروکریٹس بھی ہیں ان سب نے اس سفارش کی منظوری دے دی۔