اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہچیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے حسبِ معمول ایک اچھا فیصلہ دیا۔منگل کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے مسجد نبویؓ کی توہین کے واقعہ پر درج مقدمات کے خلاف درخواست کی سماعت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے حسبِ معمول ایک اچھا فیصلہ دیا ہے کہ ہمیں تنگ نہ کیا جائے، لیکن شاید فیصلہ پولیس تک پہنچنے میں دیر لگ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نہ فوج کو ہراساں کر رہا ہے نہ حکومت کو، اس کا ایک معمولی اور معصومانہ سا سوال ہے کہ انتخابات کرا دیں۔ صحافی نے شیخ رشید سے سوال کیا کہ آپ اب بھی مدینہ منورہ میں پیش آئے واقعہ کی تائید کرتے ہیں؟ جس پر جواب میں انہوں نے کہا کہ آپ یہ بات چھوڑ دیں، تمام کیسز کی ایف آئی آرز ایک ہی قسم کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں تو اس واقعہ کے وقت مدینہ شریف میں موجود بھی نہیں تھا، جب کچھ نہیں ملا تو انہوں نے یہ کیسز نکال لئے،ہ عدالت نے رپورٹ مانگ لی ہے کہ کیسز کہاں کہاں درج ہوئے ہیں، اب میں ایک دن فیصل آباد، ایک دن اٹک، ایک دن لاہور اور ایک دن تھانہ کوہسار جاؤں؟ پھر تو سارا مہینہ اسی کام میں لگا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے پہلے بھی اچھا فیصلہ دیا تھا۔