سوات (مانند نیوز ڈیسک) کمپٹرولر آف اکاؤنٹس روح اللہ نے سوات ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس میں تاخیر کا شکار بعض امور پر عوامی شکایات کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس میں بعض امور بجلی شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگنے سے متاثر ہوئے ہیں، بجلی شاٹ سرکٹ ہونے سے پاور بیک آپ تباہ ہوا ہے جس کی بحالی کے لئے حکام بالا سے رجوع کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں درختوں کے گرنے اور بجلی ہیوی لائن سے شارٹ سرکٹ ہونے پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس افس میں موجود ہیوی جنریٹر میں آگ بھڑک اٹھی جس سے ہیوی جنریٹر مکمل طور پر تباہ جبکہ پنشن، جی پی فنڈ اور کاؤنٹر سیکشن بھی متاثر ہوئے ہیں۔ کمپٹرولر آف اکاؤنٹس کا کہنا تھا کہ بروقت اگ بجھائی گئی جس سے آفس و دیگر انفراسٹرکچر کو بچا لیا گیا ہے اور تباہ شدہ حصے کو بحال کرنے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے عوامی امور میں تاخیر کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ بحالی کے سلسلے میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ پاور بیک آپ کے ساتھ دیگر متاثرہ سیکشنز کو جلد ٹھیک کرتے ہوئے دفتری امور کو مکمل بحال کیا جائے۔