ہزارہ (مانند نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم و ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کئے بغیر ملکی ترقی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا لہٰذا یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم اپنے نوجوان طلباء و طالبات کو عصر حاضر سے ہم آہنگ اعلیٰ تعلیم، ٹیکنالوجی اور ہنر سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں ترقی یافتہ ممالک کی طرف سے درپیش چیلنجز سے مقابلہ کرنے کے لئے تیار کریں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جامعات کا بنیادی کام نئے علوم پیدا کرنا اور ملکی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے ان کی ترویج اور طلباء کو معاشرتی سرگرمیوں کا حصہ بنانا ہوتا ہے تاکہ انکی صلاحیتوں کو پنپنے کا موقع ملے اور وہ ایک مفید شہری کی حیثیت سے ملک و قوم کی خدمت کر فریضہ سر انجام دے سکیں۔کامران خان بنگش نے مزید کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی میں بائیو انفارمیٹکس کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد سائنس کے مختلف علوم کو یکجا کرنے میں معاون ثابت ہوگی اور تحقیق کے میدان میں مختلف رجحانات کو ایک نئی سمت عطا کرے گی۔ان خیا لا ت کا اظہا ر انہو ں نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے بائیو انفارمیٹکس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس کی افتتا حی تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔Emerging Trends in Bioinformatics and Biosciencesکے موضوع پر چوتھی کانفرنس ہے۔     صوبائی وزیر نے کہا کہ طلباء کی ذہنی نشو نما اور ان کی تعلیمی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے ضروری ہے کہ یونیورسٹی سکالرز کا بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے طلباء کے ساتھ تبادلوں کو فروغ دیا جائے تاکہ ہمارے نوجوان سکالرز ٹیکنالوجی کے میدان میں عالمی سطح پر ہونے والی تبدیلیوں اور جدید رجحانات سے روشناس ہو سکیں۔کامران خان بنگش نے ہزارہ یونیورسٹی کے مالی و انتظامی معاملات میں شفافیت کی تعریف کی اور کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی مذکورہ دونوں میدانو ں میں بہترین صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور مالی و انتظامی معاملات میں شفافیت کی بدولت یونیورسٹی کی تعلیمی تحقیقی اور تخلیقی شعبوں میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے جو کہ نا صرف خوش آئند بلکہ دیگر یونیورسٹیوں اوراعلیٰ تعلیمی اداروں کے لئے قابل تقلید بھی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم و تحقیق کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرتے ہوئے مربوط کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لئے Lotus Consortiumکے تحت صوبہ بھر کی 36نجی و سرکاری یونیورسٹیوں کو تعلیمی و انتظامی حوالوں سے مربوط کیا جائے گا تاکہ مشترکہ وسائل کو استعمال میں لاتے ہوئے یونیورسٹیوں کی تحقیقی خدمات سے قومی سطح پر استفادہ کیا جا سکے۔سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخواہ داؤد خان نے کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعات تاریخ ہزاروں سال پر محیط ہوتی ہے اور سالہاسال کی محنت اور ریاضت کے بعد ہی کوئی  یونیورسٹی تخلیقی صلاحیتوں کی حامل بنتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی نے اپنے قیام کے بعد انتہائی قلیل مدت میں تعلیمی و تحقیقی حوالوں سے قابل فخر مقام حاصل کر لیا ہے جو یہاں کی قابل اور تجربہ کار فیکلٹی ممبران، پروفیسرز اور دیگر ملازمین کی محنت اور اپنے متعلقہ شعبہ جات میں مہارت اور لگن کا آئینہ دار ہے۔داؤد خان نے کہا کہ پائیدار ترقی اور معاشرتی فلاح و بہبود کے لئے ضروری ہے کہ ہم روایتی نظام تعلیم کی جگہ ترقی یافتہ دنیا میں رائج جدید علوم کو اپنانے اور ان میں ترقی کرنے کو اپنا شعار بنائیں تاکہ موجودہ اور مستقبل میں پیش آنے والے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے نوجوان طلباء اور ریسرچرز کو تیار کیا جا سکے۔ سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے مزید کہا کہ جدید علوم کا حصول اورا علیٰ تحقیقی سرگرمیاں یونیورسٹیوں کا نصب العین ہونا چاہئے اور اس حوالے سے ہزارہ یونیورسٹی درست سمت میں گامزن ہے۔ کانفرنس کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی۔اس سے قبل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے بین الاقوامی کانفرنس کے شرکاء کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمدید کہا۔ وائس چانسلر نے اس موقع پر کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی ریسرچ کے میدان میں گرانقدر خدمات سر انجام دے رہی ہے اور بائیو انفارمیٹکس کے موضوع پر آج اس سلسلے کی چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد اسی سلسلے کی کڑی ہے۔وائس چانسلر نے کانفرنس کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر فیصل نوروز اور ان کی ٹیم میں شامل دیگر پروفیسرز اور ریسرچرز کے کام کی تعریف کی اور کہا کہ ان کی کاوشوں کی بدولت سائنس کے ایک اہم موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ممکن ہوا۔اس سے قبل ڈاکٹر فیصل نوروز نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ بائیوانفارمیٹکس کے موضوع پر مذکورہ کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان سمیت جرمنی، ترکیہ، نیپال اور دیگر ممالک کے  400سے زائد ریسرچرز اور محققین نے رجسٹریشن کروائی ہے جبکہ  300سے زائد ر یسرچرز اپنے تحقیقی مقالہ جات کانفرنس میں پیش کریں گے۔کانفرنس کے ابتدائی سیشن کے اختتام پر مہمان خصوصی اور سیکرٹری اعلی تعلیم کو یونیورسٹی کی یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم اور سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے یونیورسٹی کے سبزہ زار میں دیودار کا یادگاری پودا بھی لگایا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے