اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نومبر میں وزیر اعظم شہباز شریف آرمی چیف کی تقرری کریں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ دورہ ازبکستان کامیاب رہا اور وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں پاکستان کا موقف اٹھایا۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے رکن ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کیں، وزیر اعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں سیلابی صورتحال سے متعلق شرکا کو آگاہ کیا اور رکن ممالک نے وزیر اعظم کو تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چینی صدر نے وزیر اعظم شہباز شریف کو کہا کہ ہم آپ کو عملیت پسندی کی خوبی سے واقف ہیں، چین نے امید ظاہر کی ہے کہ سی پیک پر کام جلد اور تیزی سے فعال ہو گا۔انہوں نے کہا کہ یوکرین سے متعلق موقف پر روس نے پاکستان کی تائید کی جبکہ وزیر اعظم 2 روز بعد جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک جائیں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ 6 ماہ قبل جب اقتدار سنبھالا تو مشکلات کا شکار تھے اور دنیا آج پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے، آئندہ دنوں میں اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھنے کو ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب، وزیر اعلی خیبرپختونخوا اور وزیراعلی گلگت بلتستان سیلابی صورتحال میں کہیں نظر نہیں آئے، سردی آگئی اور سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں جبکہ قحط کی صورتحال کا بھی سامنا ہوسکتا ہے اور ہمیں ممکنہ قحط سے بچنے کے لیے بہت کچھ کرنا ہو گا۔وزیر دفاع نے کہا کہ عمران خان نے ایک ہی رٹ لگا رکھی ہے کہ میرا اقتدار واپس کرو اور اس سے بڑھ کر اور کیا خود غرضی ہوسکتی ہے کہ آئی ایم ایف سے کہا جائے رقم نہ دو۔انہوں نے کہا کہ ہم تمام جماعتوں سے بات کرنے کو تیار ہیں کیونکہ متنازعہ باتوں سے ادارے اور ملک کا احترام مجروح ہوتا ہے، نومبر میں وزیر اعظم شہباز شریف اہم ادارے کے سربراہ کی تقرری کریں گے اس لیے آئینی فریضے کو موضوع بحث بنانے سے گریز کیا جائے،نواز شریف نے بھی 4 مرتبہ یہ آئینی فریضہ انجام دیا ہے۔نواز شریف نے آرمی چیف کی تعیناتی کو کبھی بحث کا موضوع نہیں بنایا،عمران خان کے کہنے سے کیا فرق پڑتا ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان ہر معاملے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں اور عمران خان کہتے ہیں نہ کھیلیں گے نہ کھیلنے دیں گے۔ اداروں، آرمی چیف کی تعیناتی، آئی ایم ایف کے پروگرام اور سیلاب متاثرین کی امداد کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان قومی سلامتی اور قومی وجود پر حملہ کر رہے ہیں، اپنے اقتدار کے لیے وہ ملک کی سلامتی بھی دا ؤپر لگا سکتے،پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قانون اور قاعدے کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے۔