چارسدہ (مانند نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چارسدہ جلسے میں کسی قسم کے سرکاری وسائل کا استعمال نہیں ہوا، جلسے کے لئے اخراجات پارٹی نے کئے تھے۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ حکمران تحریک انصاف اور عمران خان کی مقبولیت سے گھبراہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، امپورٹڈ حکومت میں شامل جماعتوں کے پروپیگنڈہ سیلز سرگرم ہیں اور تحریک انصاف اور عمران خان کے خلاف روز نت نئی گمراہ کن پروپیگنڈہ مہم شروع کی جاتی ہے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ چارسدہ کے کامیاب جلسے نے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ اس جلسے کے تمام تر اخراجات پارٹی نے کیے جبکہ اس جلسے میں کسی قسم کے سرکاری وسائل استعمال نہیں ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان اپنے ہیلی کاپٹر میں خود موجود تھے اور یہ وزیراعلیٰ کی صوابدید ہے کہ وہ کسی کو بھی اپنے ساتھ ہیلی کاپٹر میں سوار کر سکتے ہیں۔