ایبٹ آباد (مانند نیوز ڈیسک) قائم مقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی نے انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن(ISF)کی ہزارہ میں رکنیت سازی مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔ممبر شپ کا باقاعدہ افتتاح انہوں نے یہاں اپنی رہائش گاہ غنی باغ ایبٹ آباد میں کیا۔اس موقع پر ندیم خان کنونیر انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن ہزارہ،عدنان رحیم سابق یوتھ صدر ایبٹ آباد عثمان سواتی کوارڈینیٹر یوتھ ہزارہ،عمیر خان جنرل سیکرٹری ایبٹ آباد،اسد شاہ سینئر نائب صدر انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن ایبٹ آباد اور سابق ممبر تحصیل کونسل سردار شیر دل اور خواتین ونگ کی تہمینہ فہیم بھی موجود تھیں۔رکنیت سازی مہم کے افتتاح پر قائم مقام گورنر مشتاق احمد غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی،استحکام اور بقاء کے لئے اگر کوئی لیڈر شپ اس وقت میدان میں موجود ہے تو وہ صرف عمران خان ہیں۔پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو بھی بڑا آزمایا جا چکا ہے۔انہوں نے لوٹ کھسوٹ کے بازار گرم کئے۔یہ سارے ضمانتی ضمانتوں پر رہا ہوئے ہیں۔دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ کوئی ایسا ملک ہو جس کا وزیر اعظم اور اس کے وزراء عدالت کے بائر ہیں۔کتنے افسوس کی بات ہے یہ سارے نیب ذدہ تھے۔حکومت میں آکر پہلا یہ نیک کام کیا کہ انہوں نے وہ شق ختم کی جس کی زد میں یہ آتے تھے۔حکومت ایسی ہوتی ہے اور ایسے نظام چلائے جاتے ہیں۔آج مہنگائی کی چکی میں عوام پس رہے ہیں۔ان کے لئے دو وقت کی روٹی مشکل ہو چکی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔بجلی گیس اور کھانے پینے کی اشیاء کا 20 اور تیس ہزار تنخواہ لینے والے کیسے اپنا بجٹ بنا سکتے ہیں۔اوپر سے حکومت کواحساس تک نہیں ہے۔اگر عمران خان کے آخری چھ ماہ کے دور کا آج سے موازنہ کریں تو پانچ سو فیصد چیزوں میں اضافہ نظر آتا ہے۔اس وقت کہتے تھے بڑی مہنگائی ہے اور آج پی ڈی ایم کے لوگوں کو مہنگائی نظر ہی نہیں آتی۔یہ تو خود کرپٹ لوگوں کا ٹولہ ہے جو جو اپنے مقاصد کی تکمیل کے لئے امریکہ کی آشیرباد پر اقتدار پر قابض ہے۔عمران خان نے تو قوم کو بیدار کر دیا ہے جب کہ امپورٹڈ حکومت سوئی ہوئی ہے ان کو اندازہ نہیں جب عمران خان کال دینگے تو کراچی سے خیبر تک عوام کا سمندر اسلام آباد کا رخ کرے گا پھر ان کا کیا حشر ہوگا۔اب بھی وقت ہے عام انتخابات کا اعلان کردیں۔تاکہ سسٹم ڈی ریل ہونے سے بچ سکے اب یہی ایک طریقہ ہے معیشت کو سہارا دینے،پاکستان کے وقار کو بلند کرنے اور مہنگائی کو ختم کرنے کا اگر یہ چاہ رہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے تو پھر اندازہ کریں ہم کس طرف جائیں گے اور کون ہمیں بچائے گا۔اس لئے امید کی کرن عمران خان ہیں ان کو مضبوط کرنا ہے۔قائم مقام گورنر مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا آج کا دن بڑی اہمیت اختیار کر چکا ہے کیوں کہ ہزارہ ڈویژن میں انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن نے اپنی رکنیت سازی کی مہم کا آغاز کیا ہے۔عمران خان تو پہلے ہی اس کا آغاز کر چکے ہیں انہی کی ہدایات کی روشنی میں پورے ملک میں یہ مہم جا ری ہے۔مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا آئی ایس ایف کے ہمارے نوجوان ہماری ڈیفنس لائن ہیں۔عمران خان بھی جب بات کرتے ہیں تو نوجوانوں کی بات کرتے ہیں۔اور ہمارے جلسوں میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہوتی ہے۔نوجوان اس لئے فرنٹ لائن پر ہیں وہ سمجھتے اور شعور رکھتے ہیں۔انہوں نے آئی ایس ایف کے نوجوانوں کو کہا کہ مدر ونگ،وومن ونگ،یوتھ ونگ،آئی ایس ایف،،لیبر ونگ اور لائرز ونگ سمیت سب اپنے آپ کو منظم کریں۔جس دن عمران خان نے کال دی ہمارے قافلے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہوں گے۔اس روز انسانوں کا ایک سیلاب ہوگا جن کی منزل اسلام آباد ہوگی۔پھر امپورٹڈ حکومت ایوان میں نمک کی صورت رہ جائے گی۔انہوں نے آئی ایس ایف کے عہدیداران کو رکنیت سازی مہم میں ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔ آئی ایس ایف ہزارہ کے کنوینئر ندیم خان نے بھی رکنیت سازی مہم کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔