سوات (مانند نیوز) کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی زیرِ صدارت لینڈ سیٹلمنٹ کے حوالے سے اجلاس کمشنر آفس سیدوشریف میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع سوات، ملاکنڈ، دیر لوئر و اپر کے ڈپٹی کمشنرز، ایریگیشن، فارسٹ محکموں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ دیر اپر و لوئر، اور کالام کے لئے لینڈ سیٹلمنٹ پروجکٹ ڈائریکٹر خالد زمان نے اجلاس کو اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لینڈ سیٹلمنٹ مقامی مسائل کے حل میں نہایت ہی اہمیت کا حامل ہے، لینڈ سیٹلمنٹ سے جنگلات کے تحفظ میں بھی معاونت ملتی ہے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے دیر اپر و لوئر اور کالام میں لینڈ سیٹلمنٹ کا کام مزید تیز کرنے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لانے کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو اس سلسلے میں بھرپور معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ٹیکنولوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ اجلاس کو بریف کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ سیٹلمنٹ کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے اور سیٹلمنٹ کے مرحلے میں عوامی سہولت کے لئے سروس ڈیلیوری سنٹرز کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔