کوہاٹ (مانند نیوز) کوہاٹ میں ٹارگٹڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کے دوران 8 مطلوب اشتہاریوں سمیت 80 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔زیر حراست افراد کے قبضے سے دستی بم اور ناجائز اسلحہ و منشیات بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ڈی ایس پی صدر سرکل ناظر حسین نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ شفیع اللہ خان گنڈاپور کی خصوصی ہدایت پر ضلع بھر میں مسلسل سرچ ایند سٹرائیک آپریشن جاری ہے جسکے تسلسل میں پولیس اور ایلیٹ فورس بھاری نفری نے انکی قیادت میں صدر سرکل کے مختلف علاقوں کی آبادی میں ٹارگٹڈ مقامات پر چھاپے مارے اور گھر گھر تلاشی آپریشن کا انعقاد کیا جسکے نتیجے میں پولیس نے مجموعی طور پر 1 دستی بم 2کلاشنکوف، 15 پستول، 5 ریپیٹر،1 بندوق، 1 رائفل، 8 چارجرز، سینکڑوں کی تعداد میں مختلف بور کے کارتوس اور 28105 گرام چرس برآمد کرکے قتل و اقدام قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں مطلوب 8 اشتہاری مجرموں سمیت 80 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس نے گرفتار تمام افراد کو چھان بین کیلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کردیاجہاں اسلحہ اور منشیات رکھنے کے جرم میں بعض افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے گئے جبکہ مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے۔