ایبٹ آباد (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طا رق سلا م مروت نے کہا ہے کہ ڈسپنسری کے قیام سے علاقے کے لوگوں کو صحت کی سہولیات بہم فراہم کی جا سکیں گی۔ یونین کونسل نملی میرا، گاوں بڑا ہوتر میں بڑی تعداد میں لوگ رہائش پزیر ہیں لیکن پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے اس ایریا میں صحت کی سہولیات موجود نہ تھیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شہر آنا پڑتا تھا۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے تعاون سے گاوں بڑا ہوتر کے مقام پر نو کا سٹ ڈسپنسری کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت نے بروز جمعہ ڈسپنسری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر عوامی نمائندے شہزاد گل اعوان، اہلیان علاقہ، لوکل گورنمنٹ ممبران، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر فیصل خانزادہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شہزاد اقبال، ڈاکٹر اشفاق اور دیگر ڈاکٹر و سٹاف موجود رہے۔ ڈسپنسری ہفتہ میں چھے دن صبح 8 تا 2 بجے تک خدمات فراہم کرے گی جہاں ہفتے میں دو دن ڈاکٹر موجود ہوں گے جبکہ باقی دنوں میں پیرا میڈیکل سٹاف ڈیوٹی سر انجام دے گا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ڈسپنسری کا معائنہ کیا، سٹاف اور لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے اہلیان علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ ڈسپنسری کے قیام سے لوگوں کو صحت کی بہم سہولیات فراہم کی جائیں گی اور انہیں کسی ایمرجنسی کی صورت میں بنیادی صحت کی سہولیات انکے گھر کی دہلیز پر فراہم آئیں گی۔