پاراچنار (مانند نیوز) مرکزی امام بارگاہ پاراچنار میں طوری بنگش قبائل کا انتظامیہ کی جانب سے مسائل حل نہ کرنے کے خلاف گرینڈ جرگہ منعقد ہوا جس میں ضلع بھر سے طوری بنگش قبائل اور اہل سنت مشران سمیت اقلیتی رہنماؤں نے بھی شرکت کی اس موقع پر علما کرام، عمائدین مشران اور سیکٹری انجمن حسینیہ عنایت علی طوری نے کہا کہ ضلع کرم واحد قبائلی علاقہ ہے جن کا انگریز کے دور سے باقاعدہ ریونیو ریکارڈ موجود ہے اور تمام قبائل کا اسی ریونیو کے مطابق اراضی حقوق معلوم و معین ہے مگر بدقسمتی سے انتظامیہ کی جانب سے تنازعات کو حل کرنے کی بجائے متنازعہ بنایا جارہا ہے جو کہ افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ طوری بنگش قبائل نے قیام پاکستان سے لیکر آج تک ہر محاذ پر قربانیاں دی ہیں مگر اس کے باوجود اعلی حکام کو ان کا غلط امیج پیش کیا جارہا ہے مقررین نے کہا کہ علاقے کا امن تنازعات کے پر امن حل سے وابستہ ہے مگر انتظامیہ اس معاملے میں بالکل سنجیدہ نہیں انہوں نے واضح کیا کہ کسی کا ایک انچ حق غصب نہیں کریں گے اور نہ کسی کو غصب کرنے دیں گے مشران نے مطالبہ کیا کہ تمام تنازعات کاغذات مال کی روشنی میں حل کئے جائیں، صوبائی سطح پر جوڈیشنل کمیشن مقرر کیا جائے اور انتظامی امور میں متعصبانہ رویئے کا خاتمہ کیا جائے سیکٹری انجمن حسینیہ عنایت علی طوری نے اعلان کیا کہ اگر مطالبات منظور نہ ہوئے تو ڈی سی آفس کے سامنے دھرنا دیا جائے گا