کوہاٹ (مانند نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے یوتھ ونگ کے زیر اہتمام کوہاٹ میں یوتھ ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں کوہاٹ کے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پارٹی عہدیداروں، کارکنوں اور یوتھ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔کنونشن سے خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ،سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار آفریدی ایم این اے، اراکین صوبائی اسمبلی شفیع جان اور داؤد آفریدی کے علاوہ سابق ضلع ناظم کوہاٹ نسیم آفریدی، چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال اور پی ٹی آئی رہنماؤں سلمان شنواری، شفقت حیات، حاجی عابد الرحمن اور دوسروں نے بھی خطاب کیا. مقررین نے کہا کہ یوتھ پاکستان تحریک انصاف کا بڑا سرمایہ ہے اور پارٹی میں یوتھ کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔آج پی ٹی آئی کو جو مقبولیت حاصل ہے وہ یوتھ ہی کی وجہ سے ہے۔مقررین نے یوتھ سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ لوگ پارٹی کے ساتھ ساتھ پاکستان کا بھی اہم اثاثہ ہیں اور آپ لوگوں نے ہی ملک کو موجودہ دلدل سے نکالنا ہے۔جب تک آپ کھڑے نہیں ہوں گے ملک کا یہ فرسودہ نظام تبدیل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائد عمران خان نہ باغی ہے اور نہ غدار بلکہ وہ محب وطن اور پاکستان کی دل و جان سے قدر کرنے والی شخصیت ہے۔عمران خان کا قصور صرف یہ ہے کہ وہ ملک میں امیر اور غریب کیلئے ایک قانون اور انصاف کی بات کرتا ہے، موجودہ فرسودہ نظام بدلنے کی بات کرتا ہے، حقیقی آزادی کی بات کرتا ہے جس کی اس کو سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جس تحریک کا آغاز کیا ہے آپ لوگوں کی کوششوں سے ضرور کامیاب ہو گا۔