کوہاٹ (مانند نیوز)چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی (ڈیڈاک) کوہاٹ شفیع اللہ جان ایم پی اے نے سرکاری محکموں کے حکام سے کہا ہے کہ وہ دن رات ایک کر کے کوہاٹ کی ترقی وخوشحالی کیلئے منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر چلیں تا کہ عوام نے 8 فروری کو پاکستان تحریک انصاف پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اترسکیں اور کوہاٹ کی ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز اپنے دفتر میں ضلع بھر کے سرکاری محکموں اور اداروں کے حکام کے ساتھ منعقدہ تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ہر محکمے نے اپنے کام اور آئندہ کے لائحہ عمل کے علاوہ درپیش چیلنجز کے بارے میں تفصیلاً بتایا۔ چیئرمین ڈیڈاک نے کہا کہ انہیں محکموں کے مسائل و مشکلات کا احساس ہے تاہم ہم نے دستیاب وسائل کا بہتر استعمال کر کے اپنے ضلع کو آگے لے کر جانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم کوہاٹ کے تمام منتخب نمائندے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور انشاء اللہ ترقی کے لحاظ سے موجودہ 5 سالہ دور کوہاٹ کی تاریخ کا مثالی اور یادگار دور ثابت ہو گا۔شفیع جان نے کہا کہ ہماری فوکس عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر ہے جس کیلئے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کوہاٹ کی ترقی میں جو بھی ساتھ نہیں چلے گا اس کیلئے یہاں کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم عوام میں سے ہیں اور ہر فورم اور ہر جگہ پر عوام کے مفاد کی بات کریں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کرپشن کے خلاف ہماری زیرو ٹالرنس ہے اور مفاد عامہ کی خاطر ہر محکمے اور ہر افسر کے پرفارمنس پر چیک اینڈ بیلنس رکھیں گے اور توقعات پر پورا نہ اترنے والوں کے خلاف کسی بھی سخت اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔