پشاور (مانند نیوز) فریش واٹر ایکشن نیٹ ورک ساؤتھ ایشیا پاکستان کے خیبر پختونخوا چیپٹر کے تعاون اور انٹیگریٹڈ ریجنل سپورٹ پروگرام (IRSP) کے زیر اہتمام مردان میں ایک روزہ آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد پانی، صفائی اور حفظانِ صحت (WASH) سے متعلق ابھرتے ہوئے مسائل، پالیسی میں ہونے والی تبدیلیوں اور ان کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے مختلف طبقات میں شعور اجاگر کرنا اور اسٹیک ہولڈرز کو باہمی مشاورت کے ذریعے مشترکہ اقدامات کی طرف راغب کرنا تھا۔سیشن میں خواتین اور نوجوانوں کے نیٹ ورکس سمیت مرد و خواتین، طلبہ و طالبات، سماجی کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ مقررین نے WASH کے شعبے میں درپیش چیلنجز، صفائی کے بہتر انتظامات اور حفظانِ صحت کے فروغ کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کی۔اس موقع پر شرکاء کو اس امر کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا کہ پانی، صفائی اور حفظانِ صحت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے سرکاری اداروں، سول سوسائٹی، خواتین، نوجوانوں اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ اور مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے۔سیشن سے IRSP کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہ ناصر، محمد اسماعیل اور نوشین سردار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ WASH سے متعلق مسائل معاشرے کے ہر فرد کو متاثر کرتے ہیں، اس لیے ان کے پائیدار حل کے لیے تمام طبقات کی شمولیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے حوالے سے آگاہی کے فروغ اور مثبت تبدیلی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔مقررین نے مزید کہا کہ خواتین اور نوجوان معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں پالیسی سازی، مشاورت اور عملی اقدامات میں مؤثر انداز میں شامل کرنے سے WASH کے مسائل کے حل کے لیے زیادہ بہتر اور پائیدار نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ سیشن کے اختتام پر شرکاء نے باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے اور مقامی سطح پر مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔