نیویارک (مانند میڈیا) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حرمین شریفین ہماری ریڈ لائن ہے ، حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، سعودی عرب کے خلاف حالیہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان، ترکیے اور سعوی عرب کا اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں پرامن پاکستانی عوام کی نمائندگی کر رہا ہوں، پاکستان نے امریکا اور ایران کو ایک میز پر بٹھایا، جنگ سے آبنائے ہرمز جیسے اہم سمندری راستے شدید دبائو میں آگئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے چوتھی بار خطاب کر رہا ہوں، ہم اقوام متحدہ کے منشور کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خلیل الرحمان کو جنرل اسمبلی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے 240 ملین پرامن پاکستانی عوام کی نمائندگی کو اپنے لیے ایک بڑا اعزاز قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی متحرک قیادت اور عالمی امن کے لیے ان کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے سور الانفال کی آیت نمبر 61 کا حوالہ دیا۔ارشاد باری تعالی ہے کہ ”اور اگر وہ امن کی طرف مائل ہوں تو تم بھی اس کی طرف مائل ہو جائو۔” عالمی سطح پر پاکستان کی بھرپور سفارتکاری اور امن کوششوں کا پس منظر بیان کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے تنازعات کے خاتمے کے لیے تاریخی اور بے مثال اقدامات کیے ہیں، جن کے تحت واشنگٹن اور تہران کو اسلام آباد میں مذاکرات کی میز پر لایا گیا۔وزیراعظم نے اس غیر معمولی سفارتی کامیابی اور کوششوں پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اسحاق ڈار کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی فورم پر پاکستان کی زیرِ صدارت تنازعات کے پرامن حل کی قرارداد کا متفقہ طور پر منظور ہونا ایک زبردست سفارتی فتح ہے۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن کی تلاش انسانیت کی عظیم ترین کاوشوں میں سے ایک ہے۔ پاکستان بانیِ پاکستان قائد اعظم کے فرمان اور وژن کے عین مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری کرتے ہوئے عالمی امن اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار اور مکمل تعاون جاری رکھے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے ، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، جبکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور خطے کی خصوصی حیثیت بدلنے کی کوشش کی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھارت نے جھوٹا بیانیہ بنا کر پاکستان پر حملہ کیا، میں کشمیری بہنوں بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کے لیے اپنی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے یہاں تک کہ انھیں ان کا حق نہیں مل جاتا، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، تھا اور رہے گا۔کشمیر کے دیرینہ تنازع پر دو ٹوک موقف اپناتے ہوئے وزیراعظم نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ کشمیری عوام گزشتہ 8 دہائیوں سے اقوام متحدہ کے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی، بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔پاک فوج نے بھارتی حملے کو پسپا کر کے دشمن کو وہ ناقابلِ فراموش سبق سکھایا ہے جسے وہ یاد رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس کا پانی سارے خطے کے لیے ہے ، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر ختم کیا جس کی کوئی ویلیو نہیں، اس فیصلے کو اقوام متحدہ اور مصالحتی عدالت نے مسترد کر دیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی وژنری قیادت کے باعث جنوبی ایشیا کے لاکھوں عوام کی جانیں بچ گئیں، دو ایٹمی پڑوسی ملک آل آوٹ جنگ کے دہانے پر تھے ، یقینی بنانا ہو گا کہ جنوبی ایشیا دوبارہ اس صورت حال پر نہ پہنچے ، اس کے لیے یقینی بنانا ہو گا کہ مسئلہ کشمیر حل ہو جائے۔