کراچی (مانند میڈیا)جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ کے ایم سی میں قیمتی جائیدادوں کی لوٹ سیل کے بعد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی زمینوں کی بندر بانٹ کی کوشش اورتیاری شروع ہو گئی ہے اور یہ سارے کام کہیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور کہیں شارٹ ٹرم لیز کے نام پر ہو رہے ہیں جو سراسر دھوکا اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش ہے ، مرتضیٰ وہاب کے ماتحت ہر محکمہ میں کرپشن اور سرکاری زمینوں کی بندر بانٹ عروج پر ہے ،پیپلز پارٹی کے میئر کا صرف ایک ہی مقصد نظر آتا ہے کہ قیمتی سرکاری جائیدادیں من پسند افراد کو دی جائیں اور اپنی مدت پوری ہونے سے قبل انہیں ٹھکانے لگایا جائے ،حیرت ہے کہ کوئی ایجنسی اور قانون نافذ کرنے والا ادارہ اس کا نوٹس نہیں لے رہا، کے ایم سی کے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے ،جعلی کاغذات کی تیاری میں ملوث افسران اور غیر سرکاری افراد جو مسلسل کے ایم سی کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ ساتھ نظر آتے ہیں کو تفتیش میں شامل کیا جائے اور اعلیٰ تحقیقاتی ادارے بھرپور کاروائی کرتے ہوئے کے ایم سی کی قیمتی زمینیں جوکراچی کے عوام کی ملکیت ہیں ان کو بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ جماعت اسلامی ان مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی، واٹر بورڈ کی تمام اراضی کی نوعیت رفاہی ہے اور اسے کسی کو کرائے یا کسی بھی دیگر استعمال کے لیے نہیں دیا جا سکتا، ہم ان کوششوں کی بھر پور مزاحمت کریں گے۔اپنے بیان میں سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ بڑے پیمانے پر پارکوں کی زمینیں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے نام پر کمرشل استعمال کے لیے اپنے من پسند لوگوں کے حوالے کر دی گئی ہیں جہاں پکی تعمیرات کے بعد بھاری کرائے کے عوض پیڈل کورٹ وغیرہ چلائے جا رہے ہیں، کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں بھی یہی ڈرامہ کیا گیا، عباسی شہید ہسپتال اور کراچی انسٹیٹیوٹ کے نرسنگ کالج کی عمارات محض سوا لاکھ اور ڈھائی لاکھ کرائے کے عوض نجی پارٹیوں کے حوالے کر دی گئیں، اسپینسرز آئی ہسپتال پرائیویٹ پارٹی کے حوالے کیا گیا اور اس کو ساڑھے تین کروڑ بھی دیے گئے ، اورنگی اور بلدیہ کی زمینیں بدترین خردبرد کا شکار ہیں، حال ہی میں 65ہزار گز زمین کا چالان معمولی رقم کا جاری کیا گیا، میانی کوارٹرز کی 693 گز کی قیمتی زمین جعل سازی کے ذریعے خردبرد کی کوشش کی جا رہی ہے ، بلدیہ میں 9500گز زمین کا معاملہ اپوزیشن کے احتجاج کے بعد کمیٹی کے سپرد کیا گیا،گٹر باغیچہ میں 35ایکڑ زمین کو ٹھکانے لگانے کی تیاری جاری ہے ، ہاکس بے میں فائر بریگیڈ کا پلاٹ نجی پارٹی کے حوالے کر دیا گیا اسی طرح ہٹ کی جگہ پٹرول پمپ کے لئے دی گئی ہے ہاکس بے پر ہٹس کے معاملے میں بڑے پیمانے پر گڑ بڑ کی جارہی ہے ، یونیورسٹی روڈ پر آکٹرائے کا پلاٹ، اسی طرح کلفٹن کے دو بنگلے اور سبزی منڈی کا قیمتی پلاٹ بھی مالیاتی استعمال کے نام پر ٹھکانے لگایا جا رہاہے ، بولٹن مارکیٹ میں پلاسٹک مارکیٹ اور پارکنگ ایریا ٹھیکداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی راستوں پر بھی تعمیرات کر دی گئی ہیں اور دوکانداروں سے بھاری کرائے وصول کر کے کے ایم سی کو معمولی ادائیگی ہو رہی ہے ، دوسری جانب واٹر کارپوریشن جس کے پاس ہزاروں ایکڑ اراضی ہے اب اس پر مافیائی طریقے سے کارروائی کی تیاری ہو رہی ہے ، سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کے دور میں کراچی والے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، یہ پانی میں اضافہ تو کیا کرتے ان سے پرانا سسٹم بھی نہیں چل رہا اور ہر ہفتے پانی کی رہی سہی سپلائی بھی بریک ڈاؤن، شٹ ڈاؤن اور لائنوں کے پھٹنے سے رک جاتی ہے ، اس نظام کو بہتر بنانے کے بجائے گزشتہ اجلاس میں واٹر بورڈ کی قیمتی زمینوں کو مختصر میعادی لیز کے نام پر ٹھکانے لگانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے جماعت اسلامی اس پورے معاملے کا بھر پر تعاقب کرے گی،اس پر عوامی احتجاج بھی کیا جائے گا اور کونسل میں بھی بھرپور آواز اٹھائیں گے اگر اس پر بھی معاملہ نہیں رکتا تو کورٹ کا راستہ اختیار کریں گے۔