پشاور (مانند میڈیا)الخدمت فاؤنڈیشن کا بحرینی فلاحی ادارے کے اشتراک سے 84 نادار مریضوں کے مفت موتیا آپریشن کیے گئے۔ الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا نے بحرین سے تعلق رکھنے والے فلاحی ادارے دارابن السبیل کے اشتراک سے ضلع چارسدہ اور ضلع مردان سے تعلق رکھنے والے سفید موتیا سے متاثرہ نادار اور مستحق مریضوں کے لیے الخدمت ہسپتال چارسدہ اور الخدمت مشال اسپتال مردان میں فری آئی کیمپس کا انعقاد کیا۔ کیمپس کے دوران سفید موتیا کے باعث بینائی کے شدید مسائل سے دوچار 84 نادار اور مستحق مریضوں کے مفت آپریشن کیے گئے ، جبکہ مریضوں کو آپریشن کے بعد مفت ادویات اور عینکیں بھی فراہم کی گئیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر خالد وقاص نے کہا ہے کہ معاشرے کے پسے ہوئے ، محروم اور کمزور طبقات کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی الخدمت فاؤنڈیشن کا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کارِ خیر میں ڈونرز اور مخیر حضرات کے عملی تعاون کو الخدمت فاؤنڈیشن قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے تعاون سے مستحق افراد کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔