راولپنڈی (مانند میڈیا) پاکستان کے اسٹار بیٹر بابراعظم انٹرنیشنل کرکٹ میں 16 ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے پانچویں بلے باز بن گئے۔ بابر اعظم نے یہ ریکارڈ آج سہ فریقی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بیٹنگ کرتے ہوئے بنایا۔ بابراعظم نے اس میچ میں 57گیندوں پر 45 رنز کی باری کھیلی اور اس دوران 6 چوکے لگائے۔16ہزار یا اس سے زائد رنز بنانے والے پاکستانی کھلاڑیوں کی اس فہرست میں پہلے نمبر پر انضمام الحق ہیں، انہوں نے اپنے کیریٔر میں 20 ہزار 521 انٹرنیشنل رنز اسکور کیے ہیں۔ دوسرے نمبر پر 17 ہزار 790 رنز کے ساتھ یونس خان، تیسرے نمبر پر 17 ہزار 134 رنز کے ساتھ محمد یوسف ہیں۔اس فہرست میں چوتھے نمبر پر 16 ہزار 213 رنز کے ساتھ لیجنڈری بیٹر جاوید میاں داد ہیں۔ لاہور میں پیدا ہونے والے بابر اعظم کا تعلق کرکٹ سے وابستہ اکمل برادران کے خاندان سے ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جونیٔر کرکٹ میں مختلف مراحل طے کیے۔ وہ 2008 میں انڈر 15 کرکٹ کا حصہ بنے، جبکہ 2010 اور 2012کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔ بابر اعظم نے 2016 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں مسلسل3 سنچریاں اسکور کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ اس وقت ان کی عمر 21 سال تھی۔ اس سے قبل وہ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرچکے تھے جس کے پہلے میچ میں انہوں نے نصف سنچری بنائی تھی۔ون ڈے کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کے بعد انہیں ٹیسٹ ٹیم میں بھی شامل کرلیا گیا۔ یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد بابر اعظم نے پاکستان کے نمایاں بلے باز کے طور پر اپنی جگہ مستحکم کرنا شروع کردی۔2018تک بابر اعظم ون ڈے انٹرنیشنل میں 2ہزار رنز مکمل کرنے والے مشترکہ طور پر دوسرے تیز ترین بیٹر بن چکے تھے۔ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے تیز ترین بیٹر بھی بنے۔ بابر اعظم نے 2022 میں ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ میں دنیا کے سرفہرست تین بیٹرز میں جگہ بنائی۔ اسی سال انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں 11 سو 84 رنز اسکور کیے جن میں چار سنچریاں شامل تھیں۔2023کے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کی مایوس کن کارکردگی اور ٹیسٹ کرکٹ میں مشکلات کے بعد بابر اعظم کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کی فارم بھی متاثر ہوئی اور 2023 اور 2024 کے دوران ٹیسٹ کرکٹ میں وہ صرف ایک نصف سنچری اسکور کرسکے جبکہ ان کی اوسط 21.36 رہی۔2023کے اواخر میں انہوں نے کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد ٹیم میں ان کی حیثیت ایک سینئر کھلاڑی کی رہی،اس وقت وہ صرف پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان ہیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے