دوشنبے (مانند میڈیا) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہانِ حکومت کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ اجلاس 19 اور 20 اکتوبر 2026 کو منعقد ہو رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دوشنبے آمد پر تاجکستان کے وزیر توانائی و آبی وسائل اور پاکستان۔تاجکستان مشترکہ کمیشن کے شریک چیٔرمین دالر جمعہ، تاجکستان میں پاکستان کے سفیر عرفان احمد اور شنگھائی تعاون تنظیم کے لیے پاکستان کے قومی رابطہ کار خلیل ہاشمی سمیت تاجک حکومت کے اعلیٰ حکام نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا استقبال کیا۔ اسحاق ڈار اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کی کونسل کا اجلاس رکن ممالک کے درمیان تعاون اور تنظیم کے امور پر تبادلہ خیال کا اہم فورم ہے۔